جھنگ :افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلی و کانفرنس
عوامی مسائل کے حل کے لیے نئے صوبوں کا قیام انتہائی ضروری :شرکا
جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر) جھنگ ڈویژن بناؤ تحریک کے زیر اہتمام افواج پاکستان کے حق میں عظیم الشان ریلی اور کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔ ریلی کی قیادت مولانا حافظ محمد عمیر الغزالی اور سردار ملک محمد عبداللہ نے کی، جبکہ دیگر شخصیات نے بھی خصوصی شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قائدین نے کہا کہ جھنگ کی ترقی پاکستان کی ترقی کی علامت ہے ، جبکہ افواج پاکستان ملک کے دفاع کی ضامن ہیں۔ خوارج کے خلاف افواج پاکستان کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔انہوں نے کہا کہ جھنگ کو میڈیکل کالج، ڈویژن کا درجہ دلوانے ، ریلوے آپریشن کی بحالی، فیصل آباد روڈ کو ون وے بنانے ، جھنگ سیم نہر کی پختگی اور سیوریج کے مسائل کے حل تک ہماری جدوجہد جاری رہیگی۔
اس موقع پر مولانا حافظ محمد عمیر الغزالی نے کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی کو مدنظر رکھتے ہوئے عوامی مسائل کے حل کے لیے نئے صوبوں کا قیام انتہائی ضروری ہے ۔ جہاں نئے صوبوں کا قیام ضروری ہے ، وہیں جھنگ کو ڈویژن کا درجہ دینا بھی وقت کی اہم ضرورت ہے ۔انہوں نے جھنگ سٹی کے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کی اپ گریڈیشن پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے ہسپتال کی استعداد بڑھانا ضروری ہے ۔تقریب سے سردار ملک محمد عبداللہ، مولانا محمد عرفان نجمی، مولانا عبدالواحد صدیقی اور مہر فرخ سیال سمیت دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments