سدھار میں نکاسی آب کا مسئلہ ایک دہائی بعد بھی حل نہ ہو سکا
گندا پانی گلیوں اور بازاروں میں جمع،نکاسی آب کیلئے اقدامات کئے جائیں :شہری
پینسرہ (نمائندہ دنیا) سدھار میں نکاسی آب کا دیرینہ مسئلہ ایک دہائی گزرنے کے باوجود حل نہ ہو سکا۔ انتظامیہ کی عدم توجہی اور شہریوں کی غیر ذمہ دارانہ روش نے صورتحال مزید خراب کر دی۔ گندم کی بوائی کا موسم شروع ہوتے ہی نکاسی آب کا عارضی سہارا بھی ختم ہو گیا، جس کے باعث نالے اوور فلو ہو گئے اور گندا پانی گلیوں، بازاروں اور سڑکوں پر بہنے لگا۔تفصیلات کے مطابق سدھار میں نکاسی آب کا نظام طویل عرصے سے عدم توجہی کا شکار ہے ۔ گلیوں اور بازاروں کی نالیاں اور نکاسی آب کے بڑے نالے مٹی، کوڑا کرکٹ اور دیگر گندگی سے اٹے پڑے ہیں۔
متعلقہ اداروں کی جانب سے نالوں کی باقاعدہ صفائی نہ ہونے اور بڑھتی ہوئی آبادی کے تناسب سے نئے نالوں کی تعمیر نہ کیے جانے کے باعث موجودہ نظام پر دباؤ مسلسل بڑھ رہا ہے ۔مقامی سطح پر کسان سارا سال اپنی ضرورت کے مطابق نکاسی آب کا پانی کھیتوں میں استعمال کرتے رہتے ہیں، جس سے کسی حد تک پانی کی نکاسی ہوتی رہتی ہے ۔ تاہم گندم کی بوائی کا موسم شروع ہونے اور فصل کو پانی کی ضرورت نہ رہنے کے باعث کھیتوں میں پانی لگانے کا سلسلہ رک گیا ہے ۔نتیجتاً نکاسی آب کے پہلے سے ناقص انتظامات کی خامیاں مزید نمایاں ہو گئی ہیں اور نالوں کا گندا پانی آبادیوں کی جانب بہنے لگا ہے ، جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔شہریوں نے متعلقہ انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ نکاسی آب کے نظام کی فوری صفائی، نالوں کی مرمت اور نئے نالوں کی تعمیر کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments