اٹھارہ ہزاری :ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ بے ضابطگیوں کا انکشاف
ناقص میٹریل کے استعمال پر شہریوں کے تحفظات، فنڈز کے شفاف استعمال کامطالبہ
اٹھارہ ہزاری (نمائندہ دنیا) تحصیل اٹھارہ ہزاری میں ترقیاتی منصوبوں، سڑکوں کی تعمیر و مرمت، بازاروں کی تزئین و آرائش اور بیوٹیفکیشن کے کاموں کے معیار پر سوالات اٹھنے لگے ۔ شہری حلقوں نے مختلف منصوبوں میں مبینہ طور پر ناقص اور غیر معیاری تعمیراتی میٹریل کے استعمال پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے قومی و عوامی خزانے سے خرچ ہونے والے بھاری فنڈز کے شفاف استعمال کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے ۔شہریوں کے مطابق متعدد ترقیاتی منصوبوں میں تعمیراتی معیار کے حوالے سے خامیاں اور نقائص سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں، جبکہ بعض نئی تعمیرات میں بھی ٹوٹ پھوٹ کی شکایات موصول ہو رہی ہیں۔ شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر منصوبوں کی بروقت اور مؤثر نگرانی نہ کی گئی تو عوامی ٹیکسوں سے فراہم کیے جانے والے کروڑوں روپے کے فنڈز ضائع ہونے کا خدشہ ہے۔
ذرائع کے مطابق بیوٹیفکیشن کے منصوبوں میں مبینہ طور پر ناقص اور غیر معیاری میٹریل کے استعمال سے متعلق سپیشل برانچ اور دیگر خفیہ اداروں کی رپورٹس میں بھی خامیوں کی نشاندہی کیے جانے کا دعویٰ سامنے آیا ہے ، جس کے بعد ان منصوبوں کے معیار اور فنڈز کے استعمال کی غیر جانبدارانہ جانچ پڑتال کی ضرورت مزید بڑھ گئی ہے ۔شہری حلقوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ تحصیل اٹھارہ ہزاری میں مکمل اور زیرِ تکمیل تمام ترقیاتی منصوبوں کا فوری نوٹس لیتے ہوئے آزادانہ تکنیکی و مالیاتی آڈٹ کرایا جائے ۔ تعمیراتی میٹریل کے معیار، مختص فنڈز اور منصوبوں پر ہونے والے اخراجات کی مکمل چھان بین کی جائے اور اگر کسی ٹھیکیدار یا سرکاری افسر کی غفلت، بے ضابطگی یا بدعنوانی ثابت ہو تو ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments