پیرمحل ایکسچینج روڈ سے مدینہ چوک تک سڑک ٹوٹ پھوٹ کا شکار
گہرے گڑھے حادثات کا سبب بننے لگے ،ٹریفک جام کے باعث مسافروں کو پریشانی
پیرمحل (نمائندہ دنیا) محکمہ ہائی وے اور میونسپل کمیٹی پیرمحل کی مبینہ غفلت کے باعث ایکسچینج روڈ سے مدینہ چوک لاری اڈا تک سڑک ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو گئی۔ سڑک پر تین تین فٹ گہرے گڑھے آئے روز حادثات کا سبب بننے لگے ، جبکہ ٹریفک کی روانی بھی شدید متاثر ہو رہی ہے ۔تفصیلات کے مطابق فیصل آباد سے ملتان اور ملتان سے فیصل آباد آنے جانے والی ٹریفک پیرمحل شہر سے گزرتی ہے ۔ ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنے کے لیے پہلے اسے یک طرفہ کرکے دو اطراف سے گزارا جاتا تھا، تاہم ایکسچینج روڈ سے مدینہ چوک لاری اڈا تک سڑک کی خستہ حالی کے باعث ٹریفک کا تمام دباؤ رجانہ روڈ پر منتقل ہو گیا ہے۔اس صورتحال کے باعث رجانہ روڈ پر واقع تاجروں کے کاروبار شدید متاثر ہو رہے ہیں، جبکہ میلوں لمبی گاڑیوں کی قطاریں لگنے سے گھنٹوں ٹریفک جام رہنا معمول بن گیا ہے۔
ٹریفک جام کے باعث مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے اور مقامی آبادی کی زندگی بھی اجیرن ہو کر رہ گئی ہے ۔دوسری جانب ایکسچینج روڈ سے مدینہ چوک لاری اڈا تک سڑک پر تین تین فٹ گہرے گڑھوں کے باعث آئے روز حادثات پیش آ رہے ہیں، جس سے شہریوں اور مسافروں کی جان و مال کو خطرات لاحق ہیں۔سماجی حلقوں نے ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ اور کمشنر فیصل آباد سے مطالبہ کیا ہے کہ ایکسچینج روڈ سے مدینہ چوک لاری اڈا تک کارپٹ سڑک کی تعمیر فوری شروع کرائی جائے اور ٹریفک کو ون وے کرنے کے انتظامات کیے جائیں تاکہ حادثات کی روک تھام کے ساتھ رجانہ روڈ کے تاجروں کو کاروباری نقصانات سے بچایا جا سکے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments