اٹھارہ ہزاری : آٹا 170 روپے فی کلو سے تجاوز، عوام پریشان

 اٹھارہ ہزاری : آٹا 170 روپے فی کلو سے تجاوز، عوام پریشان

زمینداروں کا حکومت سے گندم کی خریداری سے متعلق پالیسی پر نظرثانی کا مطالبہ

اٹھارہ ہزاری (نمائندہ دنیا) سرکاری سطح پر گندم کی خریداری نہ ہونے کے اثرات عام شہریوں تک پہنچنے لگے ہیں، آٹے کی قیمت 170 روپے فی کلو سے بھی تجاوز کر گئی، مقامی زمینداروں نے حکومت سے گندم کی خریداری سے متعلق پالیسی پر نظرثانی کا مطالبہ کیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق گندم کی سرکاری سطح پر خریداری نہ ہونے کے اثرات اب عام شہریوں پر نمایاں ہونے لگے ہیں۔ آٹے کی قیمتوں میں اضافے نے غریب اور متوسط طبقے کی مشکلات مزید بڑھا دی ہیں۔مقامی زمینداروں کا کہنا ہے کہ اگر گزشتہ گندم سیزن میں حکومت بروقت سرکاری سطح پر گندم کی خریداری یقینی بناتی تو آج آٹے کی قیمتوں میں اس قدر اضافہ نہ ہوتا۔

ان کے مطابق حکومت کی جانب سے گندم کی خریداری نہ کرنے کی پالیسی کے اثرات عام شہری مہنگے آٹے کی صورت میں برداشت کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گندم کی سرکاری خریداری نہ ہونے سے نہ صرف کسان متاثر ہوئے بلکہ اس کے منفی اثرات براہِ راست عوام تک بھی پہنچے ہیں۔ ایک طرف کسان مہنگی کھادوں اور زرعی ادویات کے باعث معاشی مشکلات کا شکار ہیں، جبکہ دوسری جانب عام شہری مہنگے آٹے کی خریداری پر مجبور ہیں۔مقامی زمینداروں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ گندم کی خریداری سے متعلق پالیسی پر نظرثانی کی جائے اور کسانوں کے مفادات کے ساتھ ساتھ عوام کو بھی مناسب نرخوں پر آٹے کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...