تحصیل سٹی کا نام لائلپور اور صدر کا نام ساندل رکھنے کی تجویز
کمشنر ڈاکٹر عمران حامد شیخ کا ڈپٹی کمشنر و ڈسٹرکٹ کلکٹر کے نام مراسلہ جاری
فیصل آباد (سٹی رپورٹر) کمشنر فیصل آباد ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے تحصیل سٹی اور تحصیل صدر کے تاریخی ناموں کی بحالی کے لیے اہم اقدام اٹھاتے ہوئے ڈپٹی کمشنر و ڈسٹرکٹ کلکٹر کے نام مراسلہ جاری کر دیا ہے ۔مراسلے میں تحصیل سٹی کا نام تبدیل کرکے تحصیل لائلپور اور تحصیل صدر کا نام تحصیل ساندل رکھنے کی تجویز ضلعی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں پیش کرنے اور عوامی رائے حاصل کرنے کے بعد سمری مجاز اتھارٹی کو ارسال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
کمشنر ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے کہا کہ تحصیل سٹی اور تحصیل صدر کے تاریخی ناموں کی بحالی سے نہ صرف عوامی پذیرائی حاصل ہوگی بلکہ دونوں علاقوں کے عوام اپنے ماضی اور اصل شناخت سے بھی دوبارہ جڑ سکیں گے ۔انہوں نے کہا کہ لائلپور کے نام سے اہلیان فیصل آباد کی گہری جذباتی وابستگی ہے۔ شہر میں متعدد دکانیں، تجارتی مراکز، ہوٹلز، ریسٹورنٹس اور تعلیمی ادارے آج بھی لائلپور کے نام سے منسوب ہیں۔ اسی طرح ساندل بار دیہی علاقے کی اصل تہذیبی، زرعی اور جغرافیائی شناخت کی علامت ہے۔
کمشنر نے کہا کہ تحصیل سٹی سے تعلق رکھنے والے بزرگ شہری آج بھی فیصل آباد کو لائلپور کے نام سے یاد کرتے اور مخاطب کرتے ہیں۔انہوں نے تاریخی پس منظر بیان کرتے ہوئے بتایا کہ 1896ء سے 1904ء تک موجودہ ضلع فیصل آباد، ضلع جھنگ کی ایک تحصیل تھا اور اس کا نام لائلپور تھا۔ 1904ء میں ضلع کا درجہ ملنے کے بعد بھی اس کا نام لائلپور ہی برقرار رہا، جبکہ ضلع کی صدر مقام تحصیل بھی لائلپور کہلاتی تھی۔ 1979ء میں ضلع اور اس کی صدر مقام تحصیل کا نام تبدیل کرکے فیصل آباد رکھ دیا گیا۔ بعدازاں تحصیل فیصل آباد کو دو حصوں میں تقسیم کرکے ان کے نام تحصیل سٹی اور تحصیل صدر رکھ دیے گئے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments