محکمہ ایکسائز میں مبینہ طور پر ٹائوٹ مافیا کا راج

محکمہ ایکسائز میں مبینہ طور پر ٹائوٹ مافیا کا راج

سرکاری امور میں مداخلت کا انکشاف،افسروں اور ملازمین کے ساتھ ملکر مبینہ بے ضابطگیوں اور شہریوں سے نذرانے وصول کرنے کی بھی شکایات

فیصل آباد (عبدالباسط سے ) محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے حکام کی مبینہ غفلت، لاپرواہی اور ملی بھگت کے باعث پرائیویٹ افراد اور ٹاؤٹ مافیا کی جانب سے سرکاری امور میں مداخلت کا انکشاف ہوا ہے ۔ مبینہ طور پر پرائیویٹ افراد نے محکمے کے دفاتر میں افسروں کے کمروں میں میز کرسیاں لگا رکھی ہیں اور خود کو سرکاری ملازم ظاہر کرکے محکمانہ امور سرانجام دے رہے ہیں۔ اس کے علاوہ افسروں اور ملازمین کے ساتھ مل کر مبینہ بے ضابطگیوں اور شہریوں سے نذرانے وصول کرنے کی شکایات بھی سامنے آ رہی ہیں۔

ذرائع کے مطابق فیصل آباد کے محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کی پراپرٹی ٹیکس برانچ، موٹر وہیکل برانچ اور دیگر شعبوں میں پرائیویٹ افراد اور ٹاؤٹ مافیا نے مبینہ طور پر اپنے پنجے گاڑ رکھے ہیں۔ یہ افراد نہ صرف افسران کے دفاتر میں بیٹھ کر سرکاری امور انجام دیتے ہیں بلکہ افسران اور ملازمین کے ہمراہ فیلڈ میں بھی جاتے ہیں اور شہریوں کو ٹیکس میں رعایت اور مختلف سہولتیں فراہم کرنے کا جھانسہ دے کر ان سے مبینہ طور پر لین دین کرتے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کینال روڈ، جڑانوالہ روڈ، مدینہ ٹاؤن، جھمرہ روڈ، جناح کالونی، بٹالہ کالونی، گلبرگ، افغان آباد، پیپلز کالونی، ستیانہ روڈ، شیخوپورہ روڈ، سمن آباد، کھرڑیانوالہ اور فیڈمک سمیت مختلف علاقوں میں تعینات بعض افسران اور ملازمین مبینہ طور پر پرائیویٹ افراد کو اپنے ساتھ رکھ کر ان سے محکمانہ امور انجام دلواتے ہیں۔ذرائع کے مطابق بعض افسروں اور ملازمین مبینہ طور پر ان افراد کی مدد سے مختلف بے ضابطگیاں کرتے اور نذرانوں کے علاوہ تحائف بھی وصول کرتے ہیں۔

شہریوں کی جانب سے اس صورتحال کے خلاف متعدد بار متعلقہ حکام کو شکایات درج کروانے کے باوجود مبینہ طور پر کوئی مؤثر کارروائی عمل میں نہیں لائی جا سکی۔شہریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ محکمہ ایکسائز کے دفاتر اور فیلڈ میں پرائیویٹ افراد کی سرکاری امور میں مداخلت کا فوری نوٹس لیا جائے ، ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے اور شہریوں کو شفاف اور بہتر محکمانہ سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...