دودھ اور دہی کی قیمتیں عام آدمی کی پہنچ سے باہر
پرائس کنٹرول مجسٹریٹس، پیرا فورس اور دیگر متعلقہ اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان،اشیائے خورونوش کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کیلئے اقدامات کیے جائیں :شہری
فیصل آباد (سٹی رپورٹر) پرائس کنٹرول مجسٹریٹس، پیرا فورس اور دیگر متعلقہ اداروں کی مبینہ غفلت اور لاپرواہی کے باعث دودھ اور دہی کی قیمتیں عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہوتی جا رہی ہیں۔ دودھ کی قیمت 250 روپے فی لٹر جبکہ دہی کی قیمت 280 روپے فی کلوگرام تک جا پہنچی ہے ۔ بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث عام شہریوں کے لیے ان بنیادی غذائی اشیا کی خریداری بھی مشکل ہو گئی ہے ، جبکہ متعلقہ ادارے قیمتوں کو کنٹرول کرنے اور شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے میں مبینہ طور پر غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ذرائع کے مطابق فیصل آباد میں ہر گزرتے دن کے ساتھ ناجائز منافع خوری اور مہنگائی انتظامیہ کے قابو سے باہر ہوتی جا رہی ہے ۔ اشیائے خورونوش کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے پہلے ہی شہریوں کو مشکلات سے دوچار کر رکھا ہے ، جبکہ دودھ اور دہی کی قیمتوں میں اضافے نے ان کی پریشانیوں میں مزید اضافہ کر دیا ہے ۔
اوپن مارکیٹ میں دودھ 250 روپے فی لیٹر اور دہی 280 روپے فی کلوگرام فروخت ہو رہا ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس، پیرا فورس اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران و ملازمین کی جانب سے دودھ اور دہی کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے مؤثر اقدامات اور کارروائیاں کرنے کے بجائے مبینہ طور پر خاموشی اختیار کی جا رہی ہے ۔ ناجائز منافع خوروں کے خلاف کارروائی نہ ہونے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے دکانداروں نے دودھ اور دہی کی قیمتوں میں من مانا اضافہ کر دیا ہے ۔شہریوں کی جانب سے صورتحال کے حوالے سے متعلقہ حکام کو متعدد بار شکایات درج کروانے کے باوجود ناجائز منافع خوروں کے خلاف مؤثر کارروائیاں نہ ہونے پر تشویش پائی جاتی ہے ۔شہریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ دودھ، دہی اور دیگر اشیائے خورونوش کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ بنیادی غذائی اشیا عام آدمی کی پہنچ میں رہ سکیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments