دھان کی 21 اقسام کاشت کرنے کی منظوری , 8 ممنوع قرار دیدی گئیں

دھان کی 21 اقسام کاشت کرنے کی منظوری , 8 ممنوع قرار دیدی گئیں

20مئی سے قبل موٹی اور یکم جون سے قبل باسمتی کی پنیری کاشت کرنے پر پابندی،غیر معیاری اقسام کی باسمتی میں ملاوٹ سے چاول کی برآمد متاثر ہوتی ہے ، اگیتی دھان پر بیماریاں حملہ کرتی ہیں،محکمہ زراعت

گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی) محکمہ زراعت نے ڈویژن میں دھان کی21 مختلف اقسام کاشت کرنے کی منظوری دیدی جبکہ8 اقسام کو ممنوع قرار دے دیا ہے 20مئی سے قبل موٹی اور یکم جون سے قبل باسمتی کی پنیری کاشت کرنے پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے ۔تفصیلات کے مطابق محکمہ زراعت کی جانب سے گوجرانوالہ ڈویژن کیلئے باسمتی کی سپر باسمتی،پی ایس2،باسمتی 385،باسمتی2000، باسمتی515،باسمتی370، کرنل باسمتی ،شاہین باسمتی ودیگر جبکہ موٹی اقسام میں کے ایس282،نایاب اری9،اری6،کے ایس کے 133،کے ایس کے 434اور ہائبرڈ اقسام میں وائی 26، پرائیڈ1،شہنشاہ2، پی ایچ بی71, پی کے 386،چناب213 کی منظوری دی گئی ہے جبکہ سپر فائن،کشمیرا،ہیرو اور سپرا جیسی اقسام کی کاشت کو ممنوع قرار دیا گیا ہے کیونکہ غیر معیاری اقسام کے چاول کی باسمتی چاول میں ملاوٹ سے برآمد متاثر ہوتی ہے ۔ محکمہ زراعت نے کسانوں اور کاشتکاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ دھان کی موٹی اقسام کی پنیری 20مئی اور باسمتی کی پنیری یکم جون سے قبل ہرگز کاشت نہ کریں کیونکہ اگیتی دھان کی فصل پر مختلف بیماریوں کا حملہ ہو سکتا ہے ۔زرعی ماہرین کے مطابق بیج سے پھیلنے والی پتہ لپیٹ،جھلساؤ جیسی بیماریوں کے تدارک کیلئے سفارش کردہ پھپھوندی کش زہر ضرور لگایا جائے ۔ڈی او زراعت چودھری لیاقت علی بھٹی کا کہنا تھا کہ دھان کی بہتر پیداوار کیلئے ضلع گوجرانوالہ میں زرعی ماہرین کی36ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جوکہ دیہات،قصبوں اور کھیتوں میں جاکر کسانوں،کاشتکاروں کو جدید ٹیکنالوجی استعمال کرنے اور کھادوں کے مناسب استعمال،جڑی بوٹیوں کے خاتمہ کیلئے مفید مشورے دے رہی ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں