کورونا ویکسی نیشن سنٹر میں ناقص صفائی پر کمشنر برہم

شہری زندگیاں محفوظ بنا نے کیلئے ویکسی نیشن کی سہولت سے فائدہ اٹھا ئیں :کمشنر
گوجرانوالہ (سٹاف رپورٹر)کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن ذوالفقار احمد گھمن نے ضلع کونسل ہال میں قائم کورونا و یکسی نیشن سنٹر کا اچانک دورہ کیا اور شہریوں کو دی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ سنٹر میں صفائی کے ناقص انتظامات پر کمشنر نے ناراضگی کا اظہار کیا اورفوری طور پر صفائی کی صورتحال بہتر بنانے کی ہدایت کر دی ۔کورونا فوکل پرسن ڈاکٹر معیز نے کمشنر کو ویکسی نیشن کے حوالے سے بریفنگ دی۔ کمشنر نے کہاکہ حکومت کی ہدایت کے مطابق معمر شہریوں کو مفت کورونا ویکسی نیشن کی بہترین سہولیات کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کئے گئے ہیں شہریوں کو اپنے بزرگوں کی زندگیاں محفوظ بنانے کیلئے اس سہولت سے فائدہ اٹھانا چا ہیے ۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وبا کو کنٹرول کرنے اور اس سے بچنے کیلئے ہم سب کو اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرنا چا ہیے اور حکومت کی طرف سے جاری کئے گئے ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنا کر ہم اس خطرناک وبا سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔ کمشنر نے کہا کہ ویکسی نیشن کے عمل میں کسی قسم کی غفلت کو برداشت نہیں کیا جائے گا ۔