پاکستانی قوم ذہانت میں کسی سے کم تر نہیں:پروفیسر نوید اقبال
گوجرانوالہ ( نیوز رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل یونیورسٹی ٓآف دی پنجاب گوجرانوالہ کیمپس پروفیسر ڈاکٹر محمد نوید اقبال نے پنجاب کالج فار بوائز کی استقبالیہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کی نوجوان نسل ذہانت میں دنیا بھر کے نوجوانوں سے کم نہیں اگر ہماری نوجوان نسل اپنی منزل کا تعین کر کے سخت محنت کرے تو پاکستان بہت جلد ترقی یافتہ قوموں کی صف میں کھڑا ہو سکتا ہے۔
اس موقع پر ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن پنجاب کالجز گوجرانوالہ محمد شہزاد رفیق ،پرنسپل رئیس احمد چھٹہ ،اساتذہ اور طلبا کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔ پروفیسر ڈاکٹر نوید اقبال نے مزید کہا کہ نئی نسل کو حصول تعلیم میں حائل رکاوٹوں کو خندہ پیشانی سے اور جانفشانی کیساتھ عبور کرنا چا ہئے ،میں نے 30سے زائد ممالک میں حصول علم اور درس و تدریس کی انجام دہی کیلئے وقت گزارا ہے اور یہ نتیجہ اخذ کیا ہے کہ پاکستانی قوم ذہانت میں کسی سے بھی کم تر نہیں، نوجوان نسل کو اعتماد دینا ضروری ہے تاکہ وہ خود اعتمادی کیساتھ آگے بڑھ سکے ۔آخر میں ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن پنجاب کالجزمحمد شہزاد رفیق نے معزز مہمان خصوصی پروفیسر ڈاکٹر نوید اقبال کا شکریہ ادا کیا اور کالج کی طرف سے انکو شیلڈ اور سوینئیر پیش کیا گیا۔