فوجی مقاصد میں ناکام دشمن ایران کو معاشی طور پر نشانہ بنا رہا ہے: ایرانی صدر
تہران: (دنیا نیوز) ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ دشمن فوجی محاذ پر اپنے مقاصد حاصل کرنے میں ناکام رہا ہے اور اب وہ ایران کی معاشی طاقت کو کمزور کرنے پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔
ایرانی خبر ایجنسی کے مطابق تہران چیمبر آف کامرس کے ارکان سے ملاقات کے دوران مسعود پزشکیان نے کہا کہ موجودہ حالات میں ایران کے لیے سب سے بڑا محاذ اقتصادی جنگ ہے۔
انہوں نے کہا کہ نجی شعبے کا کردار ملک کی معاشی مضبوطی میں انتہائی اہمیت رکھتا ہے، مخالف قوتیں ایران کے عوام کے روزگار اور روزمرہ زندگی کو متاثر کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔
ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ نجی شعبہ جتنا زیادہ فعال اور مضبوط ہوگا، اتنی ہی ملک کی معاشی بنیاد مستحکم ہوگی اور بیرونی دباؤ اور خطرات کا مؤثر انداز میں مقابلہ کیا جا سکے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ دشمن فوجی میدان میں اپنے اہداف حاصل کرنے میں ناکام رہا، جس کے بعد اس کی توجہ ایران کی معیشت کو نقصان پہنچانے کی جانب منتقل ہو گئی ہے۔