وائٹ ہاؤس نے ایرانی میڈیا کی مجوزہ معاہدے سے متعلق تفصیلات مسترد کر دیں

واشنگٹن: (دنیا نیوز) وائٹ ہاؤس نے ایرانی سرکاری میڈیا کی جانب سے جاری کردہ مجوزہ مفاہمتی یادداشت کی تفصیلات کو مسترد کرتے ہوئے انہیں من گھڑت قرار دے دیا ہے۔

واشنگٹن سے جاری ردعمل میں وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ ایرانی سرکاری میڈیا کی جانب سے جاری کی گئی تفصیلات درست نہیں ہیں اور ان میں بیان کی گئی معلومات حقیقت پر مبنی نہیں۔

وائٹ ہاؤس کے مطابق ایرانی میڈیا کی رپورٹ میں شامل دعوے موجودہ صورتحال یا مذاکراتی عمل کی درست عکاسی نہیں کرتے۔ تاہم امریکی حکام کی جانب سے اس حوالے سے مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔

واضح رہے کہ ایرانی سرکاری میڈیا نے مجوزہ معاہدے کی یادداشتِ مفاہمت سے متعلق ابتدائی تفصیلات جاری کرتے ہوئے کہا کہ امریکی افواج ایران کے اطراف سے واپس جائیں گی جبکہ امریکی بحریہ آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی ختم کرے گی۔

ایرانی میڈیا کے مطابق ایران ایک ماہ کے اندر آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں کی آمد و رفت بحال کرے گا جبکہ بحری سرگرمیاں جنگ سے پہلے کی صورتحال کے مطابق معمول پر لائی جائیں گی۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مجوزہ معاہدے میں فوجی بحری جہاز شامل نہیں ہوں گے جبکہ عمان کے تعاون سے آبنائے ہرمز میں بحری راستوں اور روٹس کے انتظامات ایران کی جانب سے کیے جائیں گے۔

ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق اگر 60 روز کے اندر معاہدہ طے پا جاتا ہے تو اسے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی پابند قرارداد کی شکل دی جائے گی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں