وزیراعظم شہباز شریف سے ایرانی صدر کا رابطہ، عید کی مبارکباد دی
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف کو عیدالاضحیٰ کے موقع پر ایران کے صدر مسعود پزشکیان کی جانب سے ٹیلیفون کال موصول ہوئی، جس میں دونوں رہنماؤں نے عید کی مبارکباد اور نیک تمناؤں کا تبادلہ کیا۔
وزیراعظم آفس کے مطابق تقریباً تیس منٹ جاری رہنے والی خوشگوار گفتگو کے دوران ایرانی صدر نے خطے میں امن کے قیام کے لیے پاکستان کے کردار پر وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا، سعودی عرب، قطر اور ترکیہ سمیت دیگر علاقائی ممالک کی امن کوششوں کو بھی سراہا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے موجودہ بحران میں قیمتی ایرانی جانوں کے نقصان پر ایرانی قیادت اور عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے خطے میں امن کے قیام کے لیے غیر معمولی اور مسلسل کوششیں کی ہیں۔
وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ امن معاہدہ جلد حتمی شکل اختیار کرے گا اور یہ ایرانی قوم کے وقار اور عزت کے مطابق ہوگا، جس سے ایران کی معاشی صلاحیتوں کو فروغ ملے گا اور پورا خطہ اس سے فائدہ اٹھائے گا۔
انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ پاکستان ایک برادر اور ہمسایہ ملک کی حیثیت سے ہمیشہ ایران کے ساتھ کھڑا رہے گا۔ دونوں رہنماؤں نے آئندہ بھی قریبی رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔