وزیراعظم کا دورہ چین کامیاب، سی پیک کا دوسرا مرحلہ آگے بڑھانے پر اتفاق ہوا: احسن اقبال

شکرگڑھ:(دنیا نیوز) وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ وزیراعظم کا دورہ چین کامیاب رہا، سی پیک کا دوسرا مرحلہ آگے بڑھنے پر اتفاق ہوا۔

اپنے آبائی حقلے شکرگڑھ میں گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پاکستان نے امریکہ ایران جنگ رکوائی، امریکہ ایران جنگ نہ رکتی تو کروڑوں افراد غریب ہو جاتے، جنگ نہ رکتی تو تیل کی قیمت چار سو ڈالر فی بیرل ہوجاتی، دنیا میں پاکستان کی عزت میں اضافہ ہوا۔

اُنہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے چین کا کامیاب دورہ کیا، چین پاکستان میں سرمایہ کاری کرے گا، چینی کمپنیاں پاکستان آنے کیلئے تیار ہیں اور ویاں کی قیادت نے امن کے لئے پاکستان کے اقدامات اور کوششوں کو سراہا ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان ایران امریکہ جنگ میں پاکستان کی حمایت اور مدد پر چین کا شکر گزار ہے، امن کے قیام میں وزیر اعظم پاکستان اور فیلڈ مارشل کے کردار کو پوری دنیا تسلیم کرتی ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان اور چین میں سی پیک کے دوسرے مرحلے کو نئی بلندیوں پر لے جانے پر اتفاق ہوا ہے ، چین زراعت اور آئی ٹی کے ساتھ دیگر شعبوں میں اپگریڈیشن میں مدد فراہم کرے گا۔

اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان نے چین کی مدد سے 6 سیٹلائٹ خلا میں بھیجے ہیں جو ہماری مشترکہ کامیابی ہے، ایران اور امریکہ کی جنگ کے سبب مہنگائی کی عالمی لہر جاری ہے، صرف پاکستان ہی نہیں امریکہ آسٹریلیا اور یورپ بھی اِس مہنگائی سے متاثر ہو رہے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اگر پاکستان کی کوشش سے جنگ نہ رکتی تو بہت بڑی معاشی تباہی دنیا میں پھیلتی، ملک میں اپوزیشن نکتہ چینی کرتی ہے یہ مخالفت برائے مخالفت ہے۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ اگر جنگ مستقل بند ہو جاتی ہے تو مہنگائی میں کمی ہوگی 6 سے 8 ماہ میں حالات بہتر ہو جائیں گے۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ ہماری زراعت بیسوی صدی کے تحت چلتی ہے، ہمیں جدید زرعی طریقے اپنا کر 21 ویں صدی میں کامیاب ہونا ہے، ہمیں روایتی طرز سیاست دھرنوں اور احتجاج کو خیر باد کہہ کر استحکام کی طرف جانا ہو گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں