ٹیکس نادہندہ 120دکانیں اور فیکٹریاں سیل

ٹیکس نادہندہ 120دکانیں اور فیکٹریاں سیل

گوجرانوالہ(نیوز رپورٹر)ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کی ٹیموں نے کمرشل جائیدادوں کے نادہندگان کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 120 دکانیں اور فیکٹریاں سیل کر دیں۔۔

جبکہ ٹیکس جمع کروائے بغیر تالے کھولنے والوں کے خلاف مقدمات بھی درج کروائے جائیں گے ۔تفصیلات کے مطابق ایکسائز اینڈٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ نے کمرشل جائیدادوں کے نادہندگان سے ٹیکس اکٹھا کرنے کیلئے مہم شروع کررکھی ہے ،نادہندگان کو متعدد بار نوٹسز بھی بھجوائے گئے لیکن بیشتر نے کمرشل ٹیکس جمع نہیں کروایا ،جن کے خلاف ایکسائز حکام نے کارروائی شروع کر دی ہے ۔ڈائر یکٹر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن فضہ شاہ کی ہدایت پر ایکسائز انسپکٹرز نے ضلع بھر میں نادہندگان کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 120دکانوں اور فیکٹریوں کو سیل کرتے ہوئے وہاں تالے لگا دیئے ہیں اورسیل ہونے والی جائیدادوں پر کسی قسم کا کوئی کاروبار نہیں ہوسکے گا ،اگر کسی نے ٹیکس جمع کروائے بغیر تالے کھولے تو اس کے خلاف مقدمات درج کروائے جائیں گے ۔ ڈائریکٹر ایکسائز فضا شاہ کا کہنا ہے کہ نادہندگان کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے ،شہری کسی بھی قسم کی قانونی کارروائی سے بچنے کے لیے فوری ٹیکس جمع کروائیں۔سیل کی جانے والی دکانیں اور فیکٹریاں اس وقت تک بند رہیں گی جب تک ٹیکس جمع نہیں ہوتا۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں