سرکاری نرخ نامہ نظرانداز:اشیا خورونوش کی خود ساختہ قیمتیں مقرر

سرکاری  نرخ نامہ  نظرانداز:اشیا  خورونوش  کی  خود  ساختہ  قیمتیں  مقرر

گوجرانوالہ(نیوز رپورٹر)ضلعی انتظامی کی جانب سے اشیا خورونوش کی نئی ریٹ لسٹ جاری کر دی گئی لیکن کوئی دکاندار سرکاری ریٹ لسٹ کے مطابق اشیا فروخت نہیں کر رہا، ناجائز منافع خور من مانے نر خوں پر اشیا خورونوش فروخت کر نے لگے ۔

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے رواں ماہ اشیا خورونوش کی سرکاری ریٹ لسٹ جاری کی گئی تھی جس کے مطابق تمام دکاندار اشیا فروخت کرنے کے پابند ہونگے،دکانداروں نے ریٹ لسٹ تو آویزاں کی ہوئی ہے لیکن اس ریٹ پرکوئی بھی اشیا فروخت نہیں کر رہے ۔سرکاری لسٹ کے مطابق دال چنا کا ریٹ 225روپے کلو ہے لیکن مارکیٹ میں 250 روپے فروخت ہو رہی ہے ،کالے چنے 220 کے بجائے 240،سفید چنے 330کے بجائے 360 دال ماش 410کے بجائے 440، چاول باسمتی سپر 320 کے بجائے 360روپے کلو فروخت کئے جا رہے ہیں دودھ کا ریٹ170روپے فی لٹر ہے لیکن دکاندار 200 روپے فروخت کر رہے ہیں،دہی 180کے بجائے 230روپے کلو فروخت ہو رہا ۔مٹن 1500کے بجائے 2200روپے جبکہ بیف700کے بجائے 1300 روپے فروخت ہو رہا ہے سرکاری ریٹ لسٹ کو دکاندار وں نے ماننے سے انکار کر دیا ہے صرف انتظامیہ کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کیلئے ریٹ لسٹ آویزاں کی ہوئی ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ ریٹ لسٹ جاری کر کے خاموش بیٹھ گئی ہے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس لمبی تان کر سوگئے ہیں،ناجائزمنافع خوروں کیخلاف کارروائی ہونی چاہیے ۔ 

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں