سیالکوٹ میں چائلڈ لیبر کا سلسلہ جاری ،شہریوں میں غم و غصہ

سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )سیالکوٹ میں بچوں سے مشقت کا خاتمہ ممکن نہ ہو سکا ، متعلقہ محکموں کی نالائقی سے کمسن بچے تعلیم حاصل کرنے کی بجائے محنت مزدور میں مصروف ، شہری حلقوں نے انتظامیہ سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔۔۔
سیالکوٹ میں بیکریوں ، سویٹ شاپس ، ٹی شاپس ، پنکچر شاپ، موٹر مکینک ، ہوٹلوں ، ریسٹورنٹس، کریانہ و جنرل سٹورزکے علاوہ منی کارخانوں اور انڈسٹریز میں کمسن بچے محنت مزدور ی کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔ کمسن بچوں سے محنت مزدوری کے واقعات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور با اثر مالکان کا کمسن بچوں پر بہیمانہ تشدد کے واقعات بھی بڑھ رہے ہیں۔ سیالکوٹ میں گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر مختلف کارخانوں اور موٹر مکینک شاپس کے مالکان کی جانب سے کمسن بچوں پر بہیمانہ تشدد کی ویڈیو بھی وائرل ہوئی تھی ۔ ویڈیو دیکھنے کے بعد شہریوں میں شدید غم و غصہ او رخوف و ہراس پایا جاتا ہے تاہم سیالکوٹ میں متعلقہ حکام کی مسلسل چشم پوشی اور ہٹ دھرمی سے کمسن بچوں سے ملازمت کا رجحان مسلسل بڑھ رہا ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے متعلقہ اتھارٹیز سے اس پر فوری نوٹس لیں ۔