نوشہرہ ورکاں:ضلعی انتظامیہ کا کریک ڈائون،نجی گودام سے ذخیرہ کی گئی 350تھیلے یوریا کھاد برآمد
گوجرانوالہ(سٹاف رپورٹر) ضلعی انتظامیہ کا ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن نجی گودام سے ذخیرہ کی گئی 350 تھیلے یوریاکھاد برآمد کر لی گئی۔
تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر فیاض احمد موہل کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر نوشہرہ ورکاں نوید حیدر کی سربراہی میں نجی گودام میں چھاپہ مار کارروائی کی گئی ،اس موقع پر انہوں نے نجی گودام سے 350 تھیلے یوریا کھاد برآمد کی جو غیر قانونی طور پر ذخیرہ کی گئی تھی اور ریکارڈ بھی موجود نہ تھاجس پر اسسٹنٹ کمشنر نوشہرہ ورکاں نے تمام بوریاں قبضہ میں لیتے ہوئے موقع پر گودام کو سیل کر دیا۔ڈپٹی کمشنر فیاض احمد موہل نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے پیش نظر ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائیوں کا دائرہ کار وسیع کرنے اور ناجائز ذخیرہ اندوزی کے ذریعے مارکیٹ میں مصنوعی قلت پیدا کرنے والوں کو قانون کے شکنجے میں لانے کیلئے خصوصی احکامات جاری کئے ہیں ، ضلع بھر کے تمام پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اسی محنت اور لگن سے ذخیرہ اندوزی کیخلاف کریک ڈاؤن جاری رکھیں اور جہاں خلاف ورزی پائی جائے فوری کارروائی عمل میں لائیں ۔