علامہ اقبال ہسپتال کے اندر ،باہر پارکنگ سٹینڈ مافیا کا قبضہ

علامہ اقبال ہسپتال کے اندر ،باہر پارکنگ سٹینڈ مافیا کا قبضہ

سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )گورنمنٹ علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال کے اندر اور باہر پارکنگ سٹینڈ مافیا کا قبضہ، موٹرسائیکل 50 روپے ، کار کے 100 روپے وصول کرنے لگنے ، شہریوں سے بدتمیزی سے پیش آنا معمول بنا لیا۔

متعدد شکایات کے باوجود ضلعی انتظامیہ ٹس سے مس نہیں ہورہی۔تفصیلات کے مطابق گورنمنٹ علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال کے اندر اور باہر پارکنگ سٹینڈ مافیا نے قبضہ جما رکھا ہے جس کی وجہ سے ہسپتالوں میں آنے والے مریضوں کے لواحقین سے غیر قانونی پارکنگ سٹینڈ سے موٹرسائیکل 50روپے ،کار 100 روپے اور 6گھنٹے سے زائد گزرنے پر 600 روپے غیر قانونی طریقہ سے وصول کررہے ہیں متعدد شکایات کے باوجود پولیس کارروائی کرنے سے گریزاں ہے ، مریضوں کے لواحقین کے علاوہ ڈیوٹی پر تعینات ڈاکٹر ز ،فی میل نرسنگ سٹاف کے لواحقین سے بھی غنڈہ گردی کرنا معمول بنالیا ہوا ہے ، قبضہ مافیا نے پارکنگ سٹینڈوں پر جرائم پیشہ افراد رکھے ہوئے ہیں۔ یاد رہے کہ کچھ عرصہ قبل علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال کی پارکنگ میں لڑائی جھگڑا کے دوران فائرنگ سے 3 افراد زخمی ہوئے تھے جبکہ حکومت پنجاب کی جانب سے ہسپتالوں کے اند ر اور باہر پارکنگ سٹینڈ ختم کردئیے گئے تھے لیکن ایم ایس کی ملی بھگت سے گورنمنٹ علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال کے اندر اور باہر پارکنگ مافیا نے قبضہ کیا ہوا ہے ۔معتبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ پارکنگ سٹینڈ مافیا کو ضلعی انتظامیہ اور اہم سیاسی شخصیات کی پشت پناہی حاصل ہے ۔ 

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں