سیالکوٹ میں آوارہ مویشیوں نے سڑکوں پر قبضہ کر لیا

سیالکوٹ میں آوارہ مویشیوں نے سڑکوں پر قبضہ کر لیا

سیالکوٹ(ڈسٹرکٹ رپورٹر)سیالکوٹ میں آوارہ مویشیوں نے سڑکوں پر قبضہ کر لیا ، قانون نافذ کرنے والے ادارے آوارہ مویشیوں کو سڑک پر مٹر گشت سے روکنے میں ناکام ، عملہ تہہ بازاری اور دیگر حکام بھی مویشی مالکان سے پیسے وصول کرنے لگے ۔

سیالکوٹ کی مصروف ترین شاہراہوں پر آوارہ مویشیوں کی بھرمار ہے ۔ سیالکوٹ کے علاقہ ایمن آباد روڈ ، پسرور روڈ ، نیکا پورہ ، جناح اسلامیہ کالج روڈ ، امان صاحب ، حاجی پورہ اور دیگر شہری حدود میں آوارہ مویشیوں نے سڑکوں پر قبضہ کرلیا ہے اور آوارہ مویشی سڑکوں پر مٹر گشت کرتے نظر آتے ہیں۔ آوارہ مویشی سڑکوں پر گوبر کرتے اور سڑکوں کو گندا کرتے ہیں۔ شہریوں عمر ملک ، انیق ، محمد اویس ، آصف جنجوعہ ، حنیف اور دیگر کا کہنا ہے کہ آوارہ مویشیوں کا سڑک پر گشت کرنا اور غلاظت پھینکنے کی شکایات میونسپل کارپوریشن کو کر چکے ہیں لیکن میونسپل کارپوریشن سیالکوٹ کا عملہ مویشیوں کی سڑکوں پر آوارگی ختم کرنے میں بری طرح ناکام ہوا ہے ۔ سیالکوٹ میں آوارہ مویشی مسلسل سڑکوں پر چلتے پھرتے اور خصوصاََ سرکاری طور پر کروڑوں روپے مالیت کی لگی ہوئی گرین بیلٹ کو کھاتے اور وہاں بیٹھ کر آرام کرتے ہیں۔ عمر علی ملک نے بتایا کہ ایمن آباد روڈ پر روزانہ مویشیوں کا پبلک ٹرانسپورٹ کے ساتھ حادثہ ہوتا ہے او رمتعدد جانور بھی اس میں زخمی ہو چکے ہیں اور گاڑیوں کو سخت نقصا ن پہنچا ہے ۔ شہریوں نے حکومت پنجاب ، کمشنر گوجرانوالہ اور ڈپٹی کمشنر سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے اس سلسلہ میں سخت ایکشن لینے کی اپیل کی ہے ۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں