گندے انڈوں کا استعمال کرنیوالی بیکری بند،مقدمہ درج

گندے انڈوں کا استعمال کرنیوالی بیکری بند،مقدمہ درج

گوجرانوالہ(نیوز رپورٹر )ہیچری کے انڈے مٹھائیوں میں استعمال کرنے والی بیکری کی شامت آگئی۔ فوڈ سیفٹی ٹیم نے سوئی گیس روڈ پر۔۔

 واقع بیکری یونٹ کی چیکنگ کرتے ہوئے 2340گندے ،ٹوٹے اور ہیچری کے انڈے ، 15کلو تیار مٹھائی اور کھلا رنگ تلف کردیا۔ جعلسازی میں ملوث بیکری بندکرکے مقدمہ درج کروادیا گیا جبکہ مالک موقع سے گرفتاربھی کروادیا گیا۔ بیکری سے گندے انڈے برآمد ہونے پر کارروائی عمل میں لائی گئی ، یونٹ میں صفائی کے انتہائی ناقص انتظامات، بدبودار ماحول میں مٹھائی کی تیاری کرتے پائے گئے ، پروسیسنگ ایریا اور مٹھائی میں زندہ اور مردہ مکھیوں کی بھرمار، مکسچر بنانے والی مشینیں زنگ آلود اور گندی پائی گئیں۔ ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈاتھارٹی عاصم جاوید نے کہا کہ عوام الناس میں بیماریاں بانٹنے والے یونٹ مالک کے خلاف مقدمہ درج کروا کر موقع سے گرفتار کروادیا گیا، گندے ٹوٹے انڈے انتہائی کم داموں پر ہیچریوں سے خرید کر میٹھا زہر بنایا جارہا تھا،پنجاب فوڈ اتھارٹی قوانین کے مطابق خوراک کی تیاری میں ٹوٹے گندے انڈوں کا استعمال سنگین جرم ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹوٹے اور ہیچری والے انڈے فروخت کرنے والوں کے خلاف بھی سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی،بیکری اور مٹھائیوں میں گندے انڈوں کا استعمال معدہ و جگر کے موذی امراض میں مبتلا کرتا ہے۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں