پنڈی بھٹیاں :بروقت آلائشیں ڈمپ ،ماحول خوشگوار

 پنڈی بھٹیاں :بروقت آلائشیں ڈمپ ،ماحول خوشگوار

پنڈی بھٹیاں (نامہ نگار)اسسٹنٹ کمشنر کو عید کے تینوں روز صفائی کے اعلیٰ معیار قائم کرنے پر شہری خراج تحسین پیش کئے بغیر نہ رہ سکے کیونکہ اسسٹنٹ کمشنر چودھری محمد اشفاق چند روز قبل ہی تعینات ہوئے ہیں۔

ابھی علاقائی ماحول کو پوری طرح سمجھ بھی نہ پائے تھے کہ پاسکو کے خریداری مراکز پر گندم کی خریداری کی نگرانی کی ذمہ داری آپڑی جسے انہوں نے بخوبی نبھایا اور اس کے بعد عید الاضحی کی آمد پر بطور تحصیل کے انتظامی ہیڈ اور ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی پنڈی بھٹیاں شہر کی صفائی چیلنج بن گئی کیونکہ شہر بھر میں صفائی کی مجموعی صورتحال ناگفتہ بہ ہے اور برسوں سے بگڑے سینٹری ورکرز اور دیگر عملہ تو کام کرنے کا عادی نہیں لیکن اسسٹنٹ کمشنر نے جس طرح عید کے تینوں روز صفائی کے نظام پر نظر رکھی اور شہر کی گلیوں بازاروں اور سڑکوں کو صاف رکھا اس کی مثال پنڈی بھٹیاں کی تاریخ میں نہیں ملتی، فوری طور پر آلائشوں کو ٹھکانے لگوا کر شہر کی فضا کو ماحول دوست بنائے رکھا اور جس طرح سی او میونسپل کمیٹی کی قیادت میں سینٹری ورکرز اور دیگر عملہ نے ٹیم ورک کی شکل میں کام کیا وہ قابل تحسین ہے ، شہر کی سڑکوں اور بازاروں کو جراثیموں سے پاک کرنے کے لئے دھو کر صاف کردیا گیا ۔شہریوں نے صفائی کے بہترین انتظامات پر وزیر اعلیٰ پنجاب ،ڈپٹی کمشنر ،اسسٹنٹ کمشنر اور بلدیہ عملے کا شکریہ ادا کیا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں