گیپکو آن لائن کچہری،صارفین کی شکایات پر احکامات

گیپکو آن لائن کچہری،صارفین کی شکایات پر احکامات

گوجرانوالہ(سٹی رپورٹر)وزارتِ توانائی کی ہدایت کی روشنی میں گیپکو ہیڈ کوارٹرز میں آن لائن کچہری کا انعقاد کیا گیا۔

آن لائن کچہری کے دوران چیف انجینئر آپریشن امتیاز احمد چیمہ نے فیس بُک پر براہ راست صارفین کی بجلی سے متعلقہ شکایات سُنیں اور اُن کے حل کے لئے موقع پرمتعلقہ افسروں کو ہدایات بھی جاری کیں۔اس موقع پر صارفین سے بات چیت کرتے ہوئے چیف انجینئر امتیاز احمد چیمہ نے کہا کہ گیپکو انتظامیہ ہمیشہ سے صارف دوست پالیسیوں پر عمل پیرا ہے لہذا اب عوام کو بھی چاہیے کہ وہ ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے اپنے بجلی کے واجبات کی بروقت ادائیگی کو یقینی بنائیں تاکہ بلا تعطل بجلی کی فراہمی کا سلسلہ جاری رکھا جا سکے ۔انہوں نے کہا کہ صارفین کی بجلی سے متعلقہ شکایات کا بروقت اور اُن کی دہلیز پر ازالہ ہماری اولین ترجیح ہے جس کیلئے ہر ماہ آن لائن کچہری کا انعقاد کیا جا رہا ہے جس کے خاطر خواہ نتائج بھی آئے ہیں ۔اس موقع پر ڈائریکٹر سیفٹی چودھری اکبر علی نے کہا کہ انسانی جان کا نعم البدل کچھ نہیں ہو سکتا لہذا اپنی اور اپنے پیارے کی حفاظت کو یقینی بنائیں اور محکمہ کی طرف سے جاری کردہ حفاظتی تدابیر پر سختی سے عمل کریں بجلی کی تنصیبات مثلاََ کھمبوں اور تاروں وغیرہ سے دور رہیں کیونکہ ان کی ذرا سی بے احتیاطی کسی بڑے نقصان یا حادثے کا بھی سبب بن سکتی ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں