بجلی کی قیمت کم نہ ہو ئی تو پہیہ جام ہوگا :جماعت اسلامی
وزیرآباد(نا مہ نگار)جماعت اسلامی پنجاب کے امیر جاوید قصوری نے کہاہے کہ راولپنڈی میں تاریخی دھرنا دیا ،معاہدے کی پاسداری میں 15دن باقی رہ گئے۔۔۔
بجلی کے ٹیرف میں کمی کی جائے معاہدہ پر عملدرآمد نہ ہوا تو اب پہیہ جام ہڑتال ہوگی اور اسکے بعد سول نافرمانی کی تحریک بھی شروع کرسکتے ہیں۔ وہ جماعت اسلامی ضلع وزیرآباد کے کارکنوں کے اجتماع سے ممبر سازی کے سلسلہ میں خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کی توجہ کا مرکز حافظ نعیم الرحمن ہیں ایک ماہ میں 50لاکھ ممبران کا ٹارگٹ ہے ، وزیرآباد ضلع کیلئے ایک لاکھ ممبر کا ٹارگٹ رکھا گیا ہے جبکہ خواتین کی تنظیم کا ٹارگٹ اسکے علاو ہ ہے ۔ تقریب کی صدارت ضلعی امیر ناصر محمود کلیر نے کی اس موقع پر نائب امیر صوبہ پنجاب رانا عبد الوحید،حافظ فرحان منیر بٹ،رانا محمد ارشد نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت تباہ ہوچکی ہے امن وامان کی صورتحال انتہائی خراب ہے اس وقت مزدور بے روز گار ہو رہے ہیں،لوٹ مار کرنیوالوں کو علم نہیں روزانہ کا پٹرول کتنے کا ڈلتا ہے اور بجلی کا بل کتنا آتا ہے ۔