ریلوے پھاٹکوں کی سطح ہموار نہ ہوسکی : ٹریفک جام رہنا معمول
گوجرانوالہ(نیوزرپورٹر)گوجرانوالہ میں کمزور پھاٹکوں کو اپ گریڈ نہیں کیا جا سکا اور نہ ہی پھاٹکوں کی سطح ہموار کرنے کا منصوبہ شروع ہو سکا جس کے باعث اکثر پھاٹکوں کے ساتھ گڑھے پڑے ہوئے ہیں جن کیو جہ سے ٹریفک جام رہنا معمول بن گیا۔
تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ شہر کے اندر8 ریلوے پھاٹک ہیں بعض جگہوں پر کمزور اور انتہائی شکستہ پھاٹک ہیں جوکہ حادثات کا موجب بن رہے ہیں۔ریلوے کراسنگ کے بعض مقامات انتہائی کمزور سطح کے حامل ہیں جس وجہ سے گاڑیوں، رکشوں، موٹرسائیکل رکشوں کے ٹائر ان میں پھنس جاتے ہیں جس باعث حادثات پیش آرہے ہیں جبکہ بعض جگہوں پر ٹریک سڑک سے اونچا ہونے کی وجہ سے ٹریفک پھنس جاتی ہے ۔متعدد بار ان پھاٹکوں کو ہموار کرنے کیلئے سروے کیا گیا لیکن اس پر عملدر آمد نہیں ہو سکاجبکہ پھاٹک کے ساتھ قائم چرخیوں کے ساتھ راستہ بہت ہی تنگ ہی جس کی وجہ سے شہریوں کو وہاں سے گزرتے ہوئے پریشانی کا سامنا رہتا ہے ۔پھاٹکوں کیساتھ چنگ چی رکشہ سٹینڈ اور پھلوں کی ریڑھیاں لگی ہوتی ہیں جس کی وجہ سے ان کی سطح ہموار نہیں رہتی ۔