ظلم کے ضابطے نہیں مانتے ،قوم نکلے گی :عظیم نوری
سمبڑیال (نامہ نگار)ضلعی جنرل سیکرٹری پی ٹی آئی سیالکوٹ عظیم نوری گھمن نے کہا ہے کہ ظلم کے ضابطے ہم نہیں مانتے ،ظلم کے خلاف 8 فروری کو بھی قوم عمران خان کی کال پر نکلی تھی۔
اب 24 نومبر کو بھی کپتان کی کال پر نکلے گی اور ایسا نکلے گی کہ تاریخ بن جائے گی،24 نومبر کی کال پر عمران خان کی رہائی سمیت دیگر بے گناہ ورکرز اور قیادت کی رہائی، ظلم اور ظلم کے نظام کے خلاف چوروں لٹیروں کے خلاف اور چھینے مینڈیٹ کی واپسی، عدلیہ کی آ زادی پارلیمنٹ کی بالا دستی قانون اور آئین و جمہوریت کی بحالی میڈیا کو دبانے پی ٹی آئی کو ڈرانے ہمارے ساتھ روا رکھے گئے ظلم و ستم کے خلاف باہر نکلیں گے ،حلقہ این اے 74 اور سمبڑیال شہر و تحصیل سے تمام پی ٹی آئی کے قافلے کو خود لیڈ کروں گا،جب تک مطالبات مانے نہیں جاتے ،سمبڑیال اور حلقہ این اے 74 کے پارٹی کارکن ہمارے سمیت اسلام آباد میں جلسہ دھرنا یا مارچ میں 100 فیصد وہاں رہیں گے ۔ میڈیا اور کارکنوں سے گفتگو میں عظیم نوری نے کہا کہ ہم أسلام آباد عمران خان کی کال پر دھاوا بولنے نہیں،حق لینے انصاف لینے جمہوریت کی بالادستی کے لیے آرہے ہیں۔ یہ جعلی سرکار فارم 47 کی زندہ سیاسی لاش ہے اس سے جان چھڑانی ہے ملک جنت نظیر ہے مگر فارم 47 کے ذریعے ملک پر قومی چوروں لٹیروں کو مسلط کر دیا گیا ہے ہم ملک کے نقصان نہیں فائدے کے لیے نکل رہے ہیں۔بانی پی ٹی آئی کی رہائی کی جدوجہد میں بھرپور کردار ادا کریں گے ۔