شہر میں جگہ جگہ رکشوں کے اڈے،ٹریفک متاثر،کم عمر ڈرائیور زندگیوں کیلئے خطرہ
گوجرانوالہ(نیوز رپورٹر)کم عمر موٹر سائیکل رکشہ ڈرائیور انسانی زندگیوں کیلئے خطرہ ،شہر اور گردونواح میں رکشوں کی تعداد سینکڑوں میں ہے اور اس میں ہر گزرتے دن کیساتھ اضافہ ہو رہا ہے۔
اکثر ڈرائیوروں کے پاس لائسنس بھی نہیں۔ شہر بھرمیں جگہ جگہ رکشوں کے اڈے بن گئے ہیں،ٹریفک کے بہاؤ میں بھی مشکلات پیدا کر رہے ہیں ۔ مین بازاروں میں گزرنا محال ہو چکاہے ،قانون سے ناواقف کمسن ڈرائیور تیز رفتاری سے رکشے چلاتے ہیں اور اکثر اوقات زیادہ سواری بٹھانے کے لالچ میں یہ حادثات کا باعث بھی بنتے ہیں ۔ گوندلانوالہ چوک ،شیرانوالہ باغ ،چھیچھروالی چوک ،نگار چوک ،سیالکوٹی پھاٹک سمیت جگہ جگہ چنگ چی رکشوں کے اڈے بنے ہوئے ہیں ۔بیشتررکشوں کا دھواں ماحولیاتی آلودگی کا سبب بن رہا ہے ، اس کے علاوہ فروٹ فروخت کرنیوالوں کی ریڑھیاں سڑک کے دونوں اطراف میں کثرت سے پائی جاتی ہیں ، متعدد ریڑھیاں تو دکانوں کا روپ دھار چکی ہیں جن کی وجہ سے گزرنے کے راستے مسدود ہو کر رہ گئے ہیں۔ شہریوں نے ضلعی انتظامیہ سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔