تحصیل ہسپتال کامونکے ‘غیر حاضر ڈاکٹرز کیخلاف کارروا ئی کا حکم
کامونکے ،گوجرانوالہ (نامہ نگار،سٹاف رپورٹر )ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد نے تحصیل ہیڈ کوارٹر زہسپتال کامونکے کا اچانک دورہ کیا ، تاخیر سے ڈیوٹی پر پہنچنے والے ڈاکٹروں اور دیگر پیرا میڈیکل سٹاف کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے کارروائی کا حکم دیدیا۔
گزشتہ صبح ڈی سی نوید احمد اچانک تحصیل ہیڈ کوارٹر زہسپتال پہنچ گئے لیکن متعدد ڈاکٹر،نرسز اور دیگر پیرا میڈیکل سٹاف ہسپتال میں موجود نہ تھا جبکہ مریض انتظار کررہے تھے ۔ ڈی سی نے سخت اظہار برہمی کرتے ہوئے غیر حاضر ڈاکٹروں اور دیگر سٹاف کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کے متعلق چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ اتھارٹی گوجرانوالہ کو احکامات دے دئیے ، علاوہ ازیں صفائی کا نظام بھی ناقص ہونے کی وجہ سے انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کی سرزنش کی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ ایسا رویہ قابل قبول نہیں ، ڈاکٹرز و دیگر طبی عملہ اپنی روش بدلے اور فرائض ایمانداری سے سر انجام دے ۔ ڈپٹی کمشنر نے کامونکی شہر کے مختلف پارکس کا بھی دورہ کیا،پارکس کی حالت زار پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے میونسپل کمیٹی کو پارکس ہنگامی بنیادوں پر بہتر بنانے ، ٹوٹ پھوٹ کا شکار بنچوں کی مرمت، پودوں، گھاس کی کانٹ چھانٹ، صفائی ستھرائی اور مزید شجرکاری، موسمی پھول لگانے کے احکامات جاری کیے اور اس ضمن میں اسسٹنٹ کمشنر کامونکے سے عملدرآمد رپورٹ بھی طلب کرلی۔انہوں نے گٹروں کے ڈھکنوں کی فوری تنصیب اور آورہ کتوں کو کنٹرول کرنے کے حوالے سے فوری ایکشن لینے کے لیے اقدامات بروئے کار لانے کے حوالے سے ہدایات جاری کیں ۔