شہر میں لوڈر گاڑیوں کا داخلہ روکیں گے :اے سی نو شہرہ
نوشہرہ ورکاں (تحصیل رپورٹر ) اسسٹنٹ کمشنر جواد پیر زادہ نے کہا ہے کہ ہیوی لوڈر گاڑیوں کی دن کے وقت شہر میں آمدورفت کو روکنے کیلئے فوری اقدامات کیے جائیں گے ۔
نوشہرہ ورکاں پریس کلب کے نو منتخب صدر میاں عمران بشیر ،سیکرٹری خالد نذیر مصطفائی اور جوائنٹ سیکرٹری چودھری طارق نے اے سی سے ملاقات کی ۔ملاقات کے دوران میاں عمران بشیر نے اسسٹنٹ کمشنر کی توجہ مقامی سڑکوں پر ہیوی لوڈر گاڑیوں اور ڈمپرز کی آمدورفت کے باعث ہونے والی تباہی کی طرف دلائی اور مین بازار میں تجاوزات کے حوالے سے تاجروں اور عوام کے مسائل سے بھی آگاہ کیا۔ خالد نذیر مصطفائی نے ڈائیلاسز سینٹر کو جلد آپریشنل کرنے کا مطالبہ کیا تاکہ عوام کو بہتر طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں ۔ چودھری طارق نے ستھرا پنجاب پروگرام پر عوام کے تحفظات اور گوجرانوالہ ویسٹ مینجمنٹ کی کارکردگی کے حوالے سے آگاہ کیا۔ اسسٹنٹ کمشنر نے مسائل کے حل کے لیے اقدامات کی یقین دہانی کروائی۔ انہوں نے کہا کہ مین بازار میں سیاسی قیادت اور تاجروں کی مشاورت سے تجاوزات کا خاتمہ اورسیوریج کے نظام کو از سر نو تعمیر کیا جائے گا ڈائیلاسز سینٹر کی مشینری کے جلد ٹینڈر جاری کیے جائیں گے تاکہ یہ مرکز جلد فعال ہو سکے ۔