پٹھان کالونی میں سٹیل ملز کی چمنی زہریلا دھواں اگلنے لگی

لدھیوالہ وڑائچ،عالم چوک (نامہ نگار ،نمائندہ خصوصی )عالم چوک کے قریب پٹھان کالونی میں واقع سٹیل ملز کی چمنی سے نکلنے والے زہریلے دھویں سے لوگ کینسر ہیپا ٹائٹس اور سانس کی بیماریوں میں مبتلا ہونے لگے۔۔۔
مکین محکمہ ماحولیات کے خلاف پھٹ پڑے ۔بتایا گیا ہے کہ عالم چوک کے قریب پٹھان کالونی میں واقع سٹیل ملز کی چمنی سے نکلنے والے زہریلے دھویں کے خلاف روزنامہ دنیا سروے ٹیم سے گفتگو کرتے ہوئے شہری محمد عاطف، ارسلان احمد، رانا بلا ل ،زبیر جٹ نے بتایا کہ دھویں کی وجہ سے پٹھانی کالونی عدیل ٹاؤن کوٹ اسحاق اور نواب چوک کے لوگ کینسر ہیپا ٹا ئٹس،سانس اور دمے جیسی مہلک بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں ،ابو بکر، شاہد علی ،محمد نواز نے بتایا کہ نہ صرف زہریلا دھواں ان کے گھروں میں پہنچتا ہے بلکہ بچوں اور بزرگوں کی حالت مزید خراب ہو رہی ہے ۔علاقہ مکینوں نے محکمہ ماحولیات کے افسر وں پر الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ محکمے کی جانب سے اسٹیل ملز کے مالکان سے مبینہ طور پر ملی بھگت کر کے عوام کی صحت کو خطرے میں ڈالا جا رہا ہے ۔ متاثرین نے بتایا کہ کئی بار محکمہ ماحولیات میں کئی بار شکایات کے باوجود کوئی کارروائی نہیں کی جا سکی ۔