ایم سی ڈسکہ‘نگہبان رمضان پیکیج کیلئے آنیوالے شہری خوار
منڈیکی گورائیہ(نامہ نگار )میونسپل کمیٹی ڈسکہ آفس میں نگہبان رمضان پیکیج کی رقم کے چیک لینے کیلئے شہری خوار ہوگئے ،وزیراعلیٰ پنجاب کی طرف سے شہریوں کو نگہبان رمضان پیکیج کی مد میں دس ہزار روپے کی رقم ان کی دہلیز پر پہنچائی جارہی ہے جن شہریوں کی نگہبان رمضان پیکیج کی رقم کے چیک آئے ہیں۔
وہ اپنی رقم کے چیک لینے کیلئے میونسپل کمیٹی ڈسکہ آفس میں جائیں تو وہاں پر بیٹھا ہوا عملہ ان کی کوئی بات نہیں سنتا اور ایک دوسرے پر بات ڈال کر شہریوں کو خوار کیاجارہا ہے بعض شہریوں کو تو یہ کہہ کرٹال دیاجاتا ہے کہ تمہارے نام کے چیک واپس سیالکوٹ چلے گئے ہیں کئی شہری نگہبان رمضان پیکیج کی رقم کیلئے سیالکوٹ تک چکر لگا کرآگئے ہیں اور بعد میں ان کے چیک میونسپل کمیٹی ڈسکہ کے آفس سے ہی مل جاتے ہیں میونسپل کمیٹی ڈسکہ والوں نے شہریوں کو خوار کرنااپنا وطیرہ بنارکھا ہے ،شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب سے نوٹس لینے کامطالبہ کیاہے رابطہ کرنے پرمیونسپل کمیٹی ڈسکہ والوں نے بتایاکہ ایسی شکایات موصول ہورہی ہیں معاملے کو دیکھ رہے ہیں۔