ڈی سی ، ڈپی او کی زہریلی مٹھائی سے جاں بحق بچوں کے گھرآمد
حافظ آباد(نامہ نگار ،نمائندہ دُنیا )ڈپٹی کمشنر حافظ آباد عبدالرزاق اور ڈی پی او عاطف نذیر نے قلعہ صاحب سنگھ چرچ اور کرسچین کالونی کا دورہ کیا۔
جہاں انہوں نے زہریلی مٹھائی کھانے سے جاں بحق اور متاثر ہونے والے بچوں کے اہلخانہ سے ان کے گھروں میں جا کر ملاقات کی ۔اسسٹنٹ کمشنر سلمان اکبر ، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی اکرام اﷲ سندھو اور مسیحی برادری کے سرکردہ افراد بھی موجو دتھے ۔ ڈپٹی کمشنر نے متاثرہ بچوں کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی اور دکھ کا اظہار کر تے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ دکھ اور غم کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہے اور انہیں کسی صورت بھی تنہا نہیں چھوڑیں گے ۔ڈپٹی کمشنر کاکہنا تھا کہ چلڈرن ہسپتال لاہور میں زیر علاج بچوں کی حالت پہلے سے بہت بہتر ہے ، ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کے افسر روزانہ چلدڑن ہسپتال میں متاثرہ بچوں کی تیمارداری بھی کر رہے ہیں۔ ڈی ایچ او ڈاکٹر فائق علی تارڑ نے بتایا کہ چلڈرن ہسپتال کے سپیشلسٹ ڈاکٹروں کی ٹیم بچوں کا علاج معالجہ کر رہی ہے ۔انکاکہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کی جانب سے ہسپتال میں زیر علاج بچوں کے معیاری اور بہتر علاج معالجہ کے لیے تمام طبی سہولیات مفت فراہم کی جا رہی ہیں۔