مرکزی مسلم لیگ کا بھارتی آبی جارحیت کیخلاف احتجاجی مظاہر ہ
گوجرانوالہ(سٹاف رپورٹر)پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے زیر اہتمام جی ٹی روڈ گوندلانوالہ اڈا پر بھارتی آبی جارحیت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی و ضلعی قائدین کا کہنا تھا کہ انڈیا کی طرف سے سندھ طاس معاہدہ معطل کرکے پاکستان کا پانی روکنے کا اقدام کسی صورت قبول نہیں، بھارت ہوش کے ناخن لے ، پاکستان کا پانی روکنا بھارت کی طرف سے اعلان جنگ، ہم امن کے داعی ہیں لیکن بزدل نہیں، اگر جنگ ہے تو پوری قوم اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کوآرڈینیٹر این اے 80حمزہ مہر کا کہنا تھا کہ پہلگام حملے کا ذمہ دار بھارت پاکستان کو ٹھہرا رہا ہے جبکہ اس کی اپنی ایجنسیاں اس واقعہ میں را کے ملوث ہونے کا اشارہ دے رہی ہیں، بھارت پہلے تحقیقات کرے پھر بات کرے ۔، پاکستان سب سے زیادہ دہشت گردی سے متاثرہ ملک ہے ۔ مظاہرہ میں مرکزی مسلم لیگ کے قائدین، کارکنان و شہریوں کی کثیر تعداد بینرز، پلے کارڈ اٹھا کر شریک ہوئی۔