ڈسکہ :سٹریٹ لائٹس کی تنصیب‘ ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح
ڈسکہ، منڈیکی گورائیہ ، سیالکوٹ (نامہ نگار ،نمائندہ دنیا ، نمائندہ خصوصی ، ڈسٹرکٹ رپورٹر) صوبائی وزیر بلدیات میاں ذیشان رفیق نے کہا ہے۔۔
کہ ڈسکہ شہر میں ترقی ایک نئے دور کا آغاز ہوچکا ہے اور ڈسکہ کے عوام کا معیار زندگی بہتر بنانے کیلئے میونسپل سروسز اور مواصلات کے منصوبوں کے جال بچھا د ئیے گئے ہیں،تفصیلات کے مطابق یہ بات انہوں نے 13 کروڑ روپے کی لاگت سے ڈسکہ سٹی میں سٹریٹ لائٹس کی تنصیب کیلئے 266 ایل ای ڈیز لائٹس بمعہ پولز لگانے کے منصوبے کا افتتاح کرنے کے سلسلہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ علاوہ ازیں صوبائی وزیر بلدیات میاں ذیشان رفیق نے ڈسکہ سول ہسپتال میں سٹی سیکن اور ڈسکہ سٹی کی5روڈز کی تعمیر کے منصوبوں کا افتتاح کردیا، رکن صوبائی اسمبلی نوید اشرف، سابق ایم پی اے چودھری جمیل اشرف اور ایم ایس ڈاکٹر محمد علی بٹ کے علاو ہ پاکستان مسلم لیگ ن کے مقامی رہنما ، کارکن اور معززین شہر بھی اس موقع پر موجود تھے ۔صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت پنجاب اور ورلڈ بینک کے اشتراک سے ڈسکہ کی خستہ حال پسرور روڈ، جامکے روڈ، بینک روڈ، کالج روڈ اور سمبڑیال روڈ کی تعمیر نو کیلئے 55 کروڑ روپے خرچ کئے جائیں گے ۔قبل ازیں صوبائی وزیر نے سول ہسپتال ڈسکہ میں پرائیویٹ پبلک پارٹنر شپ کے تحت 16 سلائس سٹی سیکن مشین کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ سول ہسپتال ڈسکہ پنجاب کا نمبر 1 ٹی ایچ کیو ہسپتال ہے ، سول ہسپتال ڈسکہ میں ایمرجنسی میں سٹی سکین فری کیا جائے گا جبکہ روٹین میں صرف 2500 روپے فیس لی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سٹی سکین مشین پی ایم یو سے لنک ہے اور 4 گھنٹے بعد رپورٹ آن لائن میسر ہوگی۔