بھارت کو دندان شکن جواب پر فوج کیساتھ اظہار یکجہتی
گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر)بھارتی جارحیت کا منہ توڑاوردندان شکن جواب دینے کی خوشی اورآپریشن بنیان مرصوص کی تائید میں پاک فوج کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے طور پر ادارۃ المصطفیٰ انٹرنیشنل کے زیر اہتمام مرکزِ مصطفی نزدپنڈی بائی پاس لوہیانوالہ میں عالمی مبلغِ اسلام پیرزادہ محمد رضا ثاقب مصطفائی کی زیر قیادت مظاہرے کا اہتمام کیا گیا۔
مظاہرے میں طلبہ نے سبزہلالی پرچم لہرا کر پاک فوج کے ساتھ یکجہتی اور وطنِ عزیز کے ساتھ لازوال محبتوں کا اظہار کیا ۔مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے پیر زادہ محمد رضا ثاقب مصطفائی نے کہا کہ قوم کو بہادر مائوں کے شیردل بیٹوں پر فخر ہے ۔ پاکستان حضور کی نگاہوں کا فیضان ہے اور یہ صوفیا کی سرزمین ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت ملک بھر میں خوشی کی لہر ہے ۔ مظاہرے کے دوران مرکزِ مصطفے ٰ کا نورانی صحن تکبیر ورسالت اور اسلام زندہ باد ، پاکستان و پاک فوج زندہ باد کے نعروں سے گونجتا رہا ۔بعدازاں ارضِ وطن کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔