عوامی مسائل کا حل اور تعمیر و ترقی ترجیح :ڈی سی حافظ آ باد

حافظ آباد(نامہ نگار ،نمائندہ دنیا )ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق کی زیرصدارت ڈسٹرکٹ کوارڈ نیشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔۔
اجلاس میں حساس ادار ے کے اعلیٰ افسر وں سمیت ضلعی انتظامیہ ،پولیس اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسر وں نے شرکت کی ۔ اجلاس میں پولیس، سول ڈیفنس، ٹریفک پولیس، میونسپل کمیٹیوں ،صحت ، تعلیم اور دیگر متعلقہ محکموں کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ اجلا س سے خطاب کر تے ہوئے ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق کاکہنا تھا کہ حکومت پنجاب کے عوامی فلاحی اقدامات کی تکمیل اور شہریوں کو ہر ممکن ریلیف کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے ،تمام سرکاری افسر حکومتی ویژن کے تحت عوامی مسائل کے حل اور علاقہ کی تعمیر و ترقی کیلئے کوشاں ہیں۔اجلاس میں مختلف محکموں کی جانب سے پیش کی جانے والی کارکردگی رپورٹ کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر کاکہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ستھر اپنجاب پروگرام کے تحت شہری اور دیہی علاقوں میں صفائی ستھرائی ،نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنایا گیا ہے جبکہ تجاوزات کا خاتمہ اور تزئین و آرائش کے کاموں پر بھی خصوصی توجہ دی جارہی ہے ۔انکاکہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ ،پولیس ، ٹریفک پولیس، پنجاب پٹرولنگ پولیس اور ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی مشترکہ کوششوں سے حادثات پر قابو پانے کے لیے بھر پور اقدامات کیے جا رہے ہیں ۔ حکومت پنجاب کے احکامات کے مطابق موٹر سائیکل سواروں کے لیے ہیلمٹ کی پابندی پر سختی سے عمل در آمد کر وایا جا رہا ہے جبکہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر بھاری جرمانے اور مقدمات بھی درج کئے جار ہے ہیں۔