زائد مسافر بٹھانے پر ٹرانسپورٹرز کیخلاف کریک ڈائون

گوجرانوالہ (کرائم رپورٹر)سٹی ٹریفک پولیس گوجرانوالہ نے مسافروں کی اوورلوڈنگ کرنے والے ٹرانسپورٹروں کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کر دیا،۔۔۔
مسافر گاڑیوں کے اندر زائد سواریاں بٹھانے پر بھاری جرمانے کئے جائیں گے ،مسافر گاڑیوں کی چھت پر کسی مُسافر کو بٹھانے کی اجازت نہیں ،گاڑیوں کی چھت پر سواریاں بٹھانے والوں کے خلاف مقدمات درج کرائے جائیں گے ۔چیف ٹریفک آفیسر گوجرانوالہ کا کہنا تھا کہ تمام اڈا منیجرز کو مطلع کر دیا گیا ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ کمرشل گاڑیوں میں مسافروں کی اوورلوڈنگ ہرگز نہ ہو۔ چیف ٹریفک آفیسر کی ہدایت پر سی ٹی او آفس میں ایک میٹنگ کا انعقاد کیا گیا جس میں تمام الائیڈ محکمہ جات کے افسروں نے شرکت کی ۔میٹنگ میں پنجاب ہائی وے پٹرول موٹروے پولیس اور آرٹی اے کے افسر وں نے اوورلوڈنگ کرنے والی ٹرانسپورٹ کے خلاف مشترکہ کارروائی کرنے کا لائحہ عمل تیار کیا۔سی ٹی او کا مزید کہنا ہے کہ اوورلوڈنگ کی صورت میں مسافر بردار گاڑیاں حادثات کا شکار ہوتی ہیں ،مسافروں کے جان و مال کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔