بجٹ ڈراﺅنا خواب ، سانس پر ٹیکس لگانا رہ گیا :مونس

گجرات(سٹی رپورٹر )پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما،سابق وفاقی وزیرچودھری مونس الٰہی نے کہاہے کہ۔۔۔
بجٹ 2025-26دیکھ کردنیا حیران ہے کہ جعلی حکومت عوام کے سانس لینے پر ٹیکس لگاناکیسے بھول گئی،اشرافیہ کیلئے بھرپور مراعات اورعوام پرٹیکسوں کی بھرمار کی گئی ، بجلی،ادویات،پکانے کاتیل سمیت روزہ مرہ ضرورت کی بیشتراشیا عوام کی پہنچ سے باہرہوچکی ہیں، مونس الٰہی کاکہناتھاکہ تنخواہ دار طبقے کو فارم 47 کی طرز پر جعلی ریلیف دیا ہے ،مہنگائی کی شرح کے مقابلے میں تنخواہوں میں کیا گیا اضافہ اونٹ کے منہ میں زیرہ کے مترادف ہے ، یہ بجٹ عوام کیلئے ڈرا¶نا خواب ہے ۔انہوں نے کہا کہ پٹرول اور بجلی پر ٹیکس میں اضافہ مہنگائی کے نئے طوفان کو جنم دے گا، پٹرول کی قیمتوں میں اضافے سے تمام اشیاضروریہ مہنگی ہو جاتی ہیں ۔ مونس الٰہی کاکہناتھاکہ توانائی کے متبادل ذریعہ سولر پینل پر بھی ٹیکس عائد کر دیا گیا ہے ، اب سولر پینل بھی عوام کی پہنچ سے باہر ہوگئے ۔ مہنگی ترین بجلی، طویل لوڈشیڈنگ اور اب سولر پینل پر بھی ٹیکس لگا دیا گیا ہے ، غریب جائیں تو کہاں جائیں؟۔ انہوں نے کہا کہ یہ بجٹ عوام کا نہیں بلکہ شریف خاندان کے بزنس ونگ کا بجٹ ہے بہتر ہوتا کہ یہ بجٹ جاتی امرا یا لندن کے مے فئیر اپارٹمنٹ میں پیش کیا جاتا۔