ہسپتالوں میں طبی سہولیات کی100فیصد فراہمی اور آلات کی مرمت یقینی بنانے کا حکم

گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر)پنجاب حکومت نے گوجرانوالہ ڈویژن کے سرکاری ہسپتالوں میں طبی سہولیات کی 100فیصد فراہمی اور طبی آ لات کی مرمت کا کام یقینی بنانے کا حکم دے دیا ،
بچوں کی ویکسین مہم کو تیز کرنے ،موسمی بخار،امراض کی ادویات اورہسپتالوں میں مریضوں کے علاج ومعالجہ کی ہفتہ وار رپورٹ ارسال کرنے کی ہدایت کردی، تمام امراض کی ادویات ، آلات کو مکمل کرنے کیلئے ہیلتھ اتھارٹیز کے سربراہوں کی جانب سے ہسپتالوں کے ایم ایس کو ہدایت جاری کی گئی ہیں کہ خراب مشینری کو مرمت کرانے کے ساتھ ادویات کی کمی کو پورا کیا جائے اور ہسپتالوں میں صفائی وستھرائی کے انتظامات کو مزید بہتر کیا جائے ، طبی علاج میں کمی اور صفائی وستھرائی کے خراب نظام کے باعث ہسپتال کے ایم ایس کیخلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائیگی ۔سیکرٹری ہیلتھ نے گوجرانوالہ ڈویژن کے تمام ہسپتالوں میں مریضوں کو طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کا حکم دیا ہے ہسپتالوں میں24گھنٹے ادویات کی100فیصددستیابی یقینی ہو ، آلات کو فعال رکھا جائے اور صفائی ستھرائی کے انتظامات کو مکمل کیاجائے ۔