کامونکے:گلیوں میں لٹکتے ننگے تار،شہریوں کیلئے خطرہ

کامونکے:گلیوں میں لٹکتے ننگے تار،شہریوں کیلئے خطرہ

کامونکے ( تحصیل رپورٹر )گیپکو کی مجرمانہ غفلت کے با عث ننگے تار موت بانٹنے لگے ، موسم کی خرابی کے باعث کرنٹ لگنے ۔۔

 سے 2دن 3 شہری جان کی بازی ہار چکے ہیں، درجنوں مقامات پر خطرناک صورتحال، آواز اٹھانے والوں پر مقدمات، صارفین سراپا احتجاج بن گئے ، گیپکو ڈو یژن کامونکے سب ڈویژن نمبر 2 میں بجلی کے ننگے تار شہریوں کیلئے موت کا پیغام بن چکے ہیں۔ تنگ گلیوں میں تار اتنی نیچے لٹک رہے ہیں کہ راہگیروں کو جھک کر گزرنا پڑتا ہے ، ان میں سے بیشتر تار ننگے ہیں جو کسی بھی وقت جان لیوا حادثے کا باعث بن سکتے ہیں لیکن گیپکو حکام مکمل خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں۔ شہری جب گیپکو حکام کو شکایات کرتے ہیں تو جواب میں کیبل کی عدم دستیابی کا بہانہ سنا دیا جاتا ہے ۔ گیپکو کی مجرمانہ غفلت شہر بھر میں سانحات کو جنم دے رہی ہے ،یہ غفلت حالیہ بارشوں کے دوران 3 انسانی جانوں کے ضیاع کا سبب بنی،ٹبہ محمد نگر کا منور بارش کے دوران گلی سے گزر رہا تھا کہ بجلی کے پول میں کرنٹ آنے سے چمٹ گیا اور موقع پر ہی جا ں بحق ہو گیا۔ شیر گڑھ کے عبدالرحمٰن کی حویلی کے آہنی گیٹ کو ننگے تار لگ گئے تھے اور دروازہ کھولنے کے دوران کرنٹ لگنے سے وہ جاں بحق ہو گیا۔ شریف پورہ کا ذیشان کو برف بنانے والی فیکٹری میں کرنٹ لگا، جہاں وہ روزگار کی تلاش میں کام کرتا تھا لیکن بدقسمتی سے زندگی کی بازی ہار گیا۔ پولیس نے ضروری کارروائیوں کے بعد لاشیں لواحقین کے حوالے کر دیں۔ افسوسناک بات یہ ہے کہ جب کوئی شہری حق کے لیے آواز بلند کرتا ہے تو گیپکو کے افسر اپنی نااہلی چھپانے کے لیے الٹا شہریوں کے خلاف مقدمات درج کر ا دیتے ہیں۔ خاص طور پر گیپکو کے ایکسین اور ایس ڈی اوز تنقید برداشت کرنے کی بجائے حق مانگنے والوں کو ہراساں کرنے کے لیے پولیس کا سہارا لیتے ہیں تاکہ خاموشی مسلط کی جا سکے ۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ شہر بھر سے ننگے اور جھولتے تار ہٹائے جائیں، مجرمانہ غفلت کے مرتکب گیپکو افسر وں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے ، اگر فوری ایکشن نہ لیا گیا تو عوام احتجاج پر مجبور ہوں گے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں