گجرات:اوقاف کی قیمتی اراضی من پسند افراد کو دینے کا انکشاف
گجرات (نامہ نگار )محکمہ اوقاف کی گجرات میں شاہدولہ روڈ پر اربوں روپے کی اراضی کو اونے پونے داموں من پسند افراد کو نوازنے کا انکشاف ہوا ہے جس کیلئے تمام قوانین کوبالائے طاق رکھ دیا گیا ۔
معلوم ہوا ہے کہ تھانہ صدر کے سامنے ایک کنال 7مرلہ اراضی جبکہ اسی رقبہ کے سامنے 4دکانوں کو بھی مال مفت سمجھ کر الاٹ کردیا گیا جبکہ شاہدولہ روڈ پر 3 کنال 7مرلہ کے دو قیمتی پلاٹ بھی من پسند افراد کو دئیے جارہے ہیں، نیلامی میں حصہ لینے والے افراد کو نیلامی والے دن بلایا نہیں جاتا مختلف تاریخیں دیکر ٹال مٹول سے کام لیا جاتا ہے ،خفیہ طور پر پارٹیوں سے ملکر اضافی رقوم وصول کرکے جگہیں الاٹ کی جارہی ہیں ۔نیلامی میں حصہ لینے والے شعیب احمد، انور، فیصل احمد، قیصر چودھری،محمد جمیل ودیگر کا کہنا ہے کہ سیکرٹری محکمہ اوقاف ، کمشنر گوجرانوالہ کو تحریری طورپر درخواست دیدی گئی ہے کہ اسکی انکوائری کرائی جائے اور نیلامی کو کینسل کیا جائے ۔صوبائی وزیر اوقاف حسین کے حلقہ میں اس طرح کی بندر بانٹ اور اقربا پروری سمجھ سے بالاتر ہے ، محکمہ کے کرپٹ عناصر کیخلاف ایکشن لینا چاہیے ۔