برسات میں خطرناک عمارتوں کو فوری خالی کرانے کا حکم
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا ،ڈسٹرکٹ رپورٹر) گوجرانولہ ڈویژن کے تمام اضلاع سمیت راولپنڈی اور لاہور ڈویژن میں مون سون کے دوران نارمل سے 40سے 60 فیصد زیادہ بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔۔۔
جبکہ خلیج بنگال سے آنے والے اس شدید بارشوں کے نظام سے کلاؤڈ برسٹ کی وجہ سے شدید اربن فلڈنگ بھی ہو سکتی ہے جس کیلئے تمام محکموں کا الرٹ رہنا ضروری ہے ۔یہ باتیں کمشنر گوجرانوالہ نوید حیدر شیرازی اور ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کی زیر صدارت ڈی سی آفس سیالکوٹ میں اجلاس میں کی گئیں۔اجلاس میں مون سون بارشوں اور ندی نالوں میں ممکنہ طغیانی اور اربن فلڈنگ کا جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی نے شہری و دریائی سیلاب سے بچاؤ کی تیاریوں پر بریفنگ دی۔کمشنر نوید حیدر شیرازی نے کہا کہ خطرناک عمارتوں کو فوری طور پر خالی کرایا جائے کیونکہ مون سون کے دوران ان کے گرنے سے انسانی المیہ جنم لے سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ خطرناک عمارتوں کو خالی کرنے والے خاندانوں کو مکمل سہولیات فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ گوجرانولہ ڈویژن کی ایک کروڑ، 60 لاکھ آبادی کا ہر صورت تحفظ یقینی بنائیں گے اور اس مقصد کیلئے تمام محکمے الرٹ رہیں جبکہ متعلقہ محکموں کے تمام افسر وں اور اہلکاروں کی چھٹیاں بھی منسوخ کی جارہی ہیں۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ ہیڈ مرالہ اپ سٹریم میں 72 گھنٹے کے بعد بھی بارش کا مضبوط نظام متوقع ہے ۔