ٹیکس ترامیم کاروبار بند کرنے کا حکومتی پیغام :سابق صدر چیمبر
گجرات (سٹی رپورٹر‘نامہ نگار )سابق صدر گجرات چیمبر آٖف کامرس اینڈ انڈسٹری وحید الدین چودھری نے کہا ہے کہ۔۔۔
حکومت نے فنانس میں ایف بی آر کی جانب سے نقد رقم وصول کرنے سے متعلق ٹیکس میں جو ترمیم کی ہے اس سے پہلے سے تباہ شدہ معیشت جو آخری سانسیں لے رہی ہے مزید تباہی کے دہانے پر پہنچ جائے گی، انوکھی اور ناقابل قبول ترامیم نے بزنس کمیونٹی کو چکر اکر رکھ دیا ہے جس میں درج ہے کہ کوئی شخص کمپنی اکاؤنٹ میں نقد 2 لاکھ روپے سے زائد وصول کرتا ہے تو صرف 50فیصدرقم کو درست سمجھا جائے گا، ایسی رقم پر تقریباً 20.5 فیصداضافی ٹیکس لاگو ہو گا یعنی جمع شدہ رقم کا صرف 79.5فیصد قابل قبول ہو گا جبکہ 20.5 فیصد رقم بطور ٹیکس منہا کر دی جائے گی۔ سابق صدر گجرات چیمبر آٖف کامرس نے کہا کہ حکومت نے چوروں کی طرح بزنس کمیونٹی پر شب خون مارا ہے کہ کسی کو بھی پاکستان میں کاروبار کرنے کی اب ضرورت نہیں ہے ، حکومت نے بجٹ اجلاس میں کوئی ریلیف نہیں دیاالٹا یہ ترمیم کر کے پیغام دیا ہے کہ اپنے کاروبار بند کر دیں۔ گجرات کی بزنس کمیونٹی اس بے ہودہ اور ناقابل عمل ترمیم کو یکسر مسترد کر تی ہے اور حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ اس ترمیم کو فوری واپس لیا جائے ورنہ بھرپور احتجاج اور کاروبار بند کر دیں گے ۔