گوجرانوالہ ڈویژن میں عجائب گھر کی تعمیر کا منصوبہ فائلوں میں دفن
گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر)گوجرانوالہ ڈویژن میں عجائب گھر کی تعمیر کا منصوبہ شروع نہ ہوسکا ،گزشتہ دور حکومت میں عجائب گھر کی تعمیر کا منصوبہ اے ڈی پی میں شامل کیا گیا تھا اور۔۔۔
متعلقہ ادارے کو ہدایت کی گئی تھی کہ شہر کے مناسب مقام پر وسیع و عریض عجائب گھر قائم کیا جائیگا جس کیلئے چند مقامات پر اراضی کا انتخاب بھی کیا گیا تھا مگر عمل درآمد روک دیاگیا۔ذرائع کے مطابق گوجرانوالہ جیسے قدیم تاریخی شہر میں سکھوں،ہندوؤں، مسلمانوں کی تاریخی حیثیت کو محفوظ کرنے کے علاوہ سکھ دور کے دارالحکومت ایمن آباد شہر، رسول نگر، وزیر آباد، گکھڑ، کامونکے ، قلعہ میاں سنگھ، بوتالہ شرم سنگھ و دیگر تاریخی مقامات کے نوادرات، تاریخی مواد دستاویزات کو ایک جگہ جمع کر نے کیلئے عجائب گھر کی تعمیر کا فیصلہ کیا گیا تھا جہاں عوام کے مطالعہ کی غرض سے ریکارڈ جمع کیا جاناتھا۔میوزیم میں سکندر اعظم اور مغل ادوار کی تاریخ کے علاوہ شیر شاہ سوری کی تعمیر کردہ عمارات کی تصاویر، تلواریں، نیزے ، خنجر وغیرہ بھی رکھے جانے تھے ۔ اس کے علاوہ نایاب تصاویر وکتب کا ذخیرہ بھی کرناتھا مگر عجائب گھر کامنصوبہ فائلوں میں دفن ہوکر رہ گیا ۔