ڈی سی سیالکوٹ بارش میں مختلف علاقوں کاہنگامی دورہ
سیالکوٹ (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نمائندہ دنیا )ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر علی نے گزشتہ روز شدید بارش کے دوران شہر کے مختلف علاقوں کا ہنگامی دورہ کیا۔
انہوں نے خان محل روڈ، دارہ آرائیاں اور ماڈل ٹاؤن کے ڈسپوزل سٹیشنز کا معائنہ کیا اور نکاسی آب کی صورت حال کا خود جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے موقع پر موجود افسران اور عملے کو ہدایت کی کہ نشیبی علاقوں میں بارشی پانی کی بروقت نکاسی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے چوکنگ پوائنٹس کی فوری صفائی اور مشینری کی فعالیت کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت دی۔ شہریوں کی سہولت اور تحفظ کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے اور ضلعی انتظامیہ مکمل الرٹ ہے ۔گزشتہ شب رات 12 بجے سے صبح 10 بجے تک سیالکوٹ شہر اور گرد و نواح میں وقفے وقفے سے بارش ریکارڈ کی گئی۔ ایئرپورٹ پر سب سے زیادہ 50 ملی میٹر، کینٹ میں 39 ملی میٹر، سمبڑیال میں 40 ملی میٹر، پسرور میں 35 ملی میٹر، ڈسکہ میونسپل کمیٹی اور کالج روڈ پر 31 ملی میٹر جبکہ ڈی ای او سی میں 25 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ضلع سیالکوٹ کے تمام دریا، نالے اور کینالز محفوظ حد میں بہہ رہے ہیں اور کسی بھی مقام پر خطرے یا سیلاب کی کیفیت نہیں۔