علی پورچٹھہ اور نواح میں دودھ کے نام پرکیمیکل فروخت

علی پورچٹھہ اور نواح میں دودھ کے نام پرکیمیکل فروخت

جامکے چٹھہ (نامہ نگار)تحصیل علی پور چٹھہ اور گردونواح کے قصبات میں ملاوٹ شدہ اور کیمیکل زدہ دودھ کی فروخت عروج پر پہنچ گئی۔

 خالص دودھ خریدنا شہریوں کے لئے محال ہو گیا جس کی وجہ سے شہری طرح طرح کی امراض میں مبتلا ہو کر ہسپتالوں میں پہنچنے لگے جبکہ پنجاب فوڈ اتھارٹی ناقص اور مضر صحت دودھ کے مذموم دھندے کو روکنے میں ناکام ہوگئی۔ علی پور چٹھہ اور گردونواح کے قصبات جامکے چٹھہ ،منڈیلا چٹھہ ،جیو کی ،دلاور چیمہ ،کلیر ،کشمیر کالونی دھاروال ، بڑا پنڈ و دیگر میں عرصہ دراز سے گوالے اور دودھ فروخت کرنے والے دوکاندار دودھ میں مختلف کیمیکل اور ایسنس ملا کر شہریوں کی زندگی سے کھیل رہے ہیں۔ گوالے اور دکاندار صبح مضافاتی دیہات سے جو دودھ لیکر آتے ہیں وہ اس سے پہلے تو کریم نکلواتے ہیں پھر اس میں مختلف کیمیکل ملا کر اسکی مقدار کو زیادہ بنا لیتے ہیں ،رنگوں کی دکانوں پر بھی دودھ کی مقدار کو بڑھانے والے کیمیکل سرعام فروخت کئے جارہے ہیں۔ شہریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب اور دیگر ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ علی پور چٹھہ اور گردونواح کے قصبات میں مضر صحت دودھ کی فروخت کا سخت نوٹس لیکر مذموم دھندے کو روکا جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں