ایک ماہ میں نیا بلدیاتی ایکٹ منظور ہو جائیگا:ذیشان رفیق
ڈسکہ ،سیالکوٹ (نمائندہ دنیا ، ڈسٹرکٹ رپورٹر) صوبائی وزیر بلدیات میاں ذیشان رفیق نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت بلدیاتی نظام کو فعال اور شفاف بنانے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے ۔۔
ڈسکہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ایک ماہ کے اندر نیا بلدیاتی ایکٹ اسمبلی سے منظور کرایا جائے گا جس کے بعد الیکشن کمیشن کو انتخابات کے انعقاد کے لیے باقاعدہ تحریری طور پر آگاہ کیا جائے گا۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ ترقیاتی کاموں میں کرپشن کے مکمل خاتمے کے لیے \\\"تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن\\\" متعارف کروا دی گئی ہے جس سے منصوبے کی تکمیل کے بعد صرف کام کے معیار کے مطابق ہی ادائیگیاں ممکن ہوں گی۔ ای-ٹینڈرنگ اور ڈیجیٹل پیمنٹ کے نظام سے ٹھیکے میرٹ پر د ئیے جا رہے ہیں اور اس نظام نے بدعنوانی کے دروازے بند کر د ئیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ڈسکہ کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے دل کھول کر فنڈز فراہم کیے ہیں جن کی مجموعی لاگت 5 ارب روپے سے زائد ہے ۔ ان منصوبوں میں سیوریج، سڑکوں کی تعمیر، پینے کے صاف پانی اور دیگر بنیادی سہولیات شامل ہیں۔ ڈسکہ کے لیے آئندہ 25 سال کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ماسٹر پلاننگ مکمل کر لی گئی ہے ۔