علی پورچٹھہ:بارش سے گٹر ابلنے لگے ،گلیاں و بازار جوہڑ

علی پورچٹھہ:بارش سے گٹر ابلنے لگے ،گلیاں و بازار جوہڑ

علی پورچٹھہ(تحصیل رپورٹر )علی پورچٹھہ میں موسم برسات کی پہلی بارش نے میونسپل کمیٹی کی کارکردگی کا پول کھول دیا۔ گلیاں، بازار جوہڑ بن گئے ، سیوریج کا نظام مکمل طور پر ناکام، گٹر ابل کر گھروں اور مساجد تک پہنچ گئے ،شہری سراپا احتجاج بن گئے ۔

 شہر میں حالیہ بارشوں کے بعد جگہ جگہ گندا پانی جمع ہو گیا۔ مین بازار، محلہ پرانی سبزی منڈی، گلی آغا صاحب والی، محلہ داروں گراں اور مرکزی مساجد کے گرد و نواح تالاب کا منظر پیش کر رہے ہیں۔ محلہ اسلام آباد کا بازار مکمل طور پر زیر آب آ چکا ہے ، جہاں بزرگ، خواتین، بچے اور میتیں اٹھا کر لے جانے والے لوگ گندے پانی میں سے گزرتے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ کئی ماہ سے سیوریج کا پانی بازاروں اور گلیوں میں کھڑا ہے جس سے گھروں کی بنیادیں تک کمزور ہو چکی ہیں۔ گھروں کے فرش، ٹائلیں اور دیواروں کا پینٹ تباہ ہو چکا ہے ، آلودگی کے با عث وبائی امراض پھوٹنے کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ برسات سے قبل نالوں کی صفائی اور فعال بنانے کی ذمہ داری محض کاغذوں تک محدود رہی جس کا خمیازہ شہری بھگت رہے ہیں۔ شہریوں طارق،محمد رفیق، تنویر اختر، رحمت علی، حمزہ بٹ، قیصر، عرفان، یونس،اصغر و دیگر نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ ڈپٹی کمشنر و وزیر آباد فوری نوٹس لیں، شہر کے بند پڑے نالوں کو کھولا جائے ، سیوریج کا نظام درست کیا جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں