ازبک ایمبیسی کی معاشی ٹیم کا گوجرانوالہ بزنس سینٹر کا دورہ
گوجرانوالہ(سٹی رپورٹر )ازبکستان ایمبیسی کی اکنامک ٹیم کا گوجرانوالہ بزنس سینٹر کا دورہ، اکنامک ٹیم کی قیادت ٹریڈ ڈویلپمنٹ کے سربراہ روشان جومانوو نے کی۔
ان کے بزنس سینٹر کے دورے کا مقصد مقامی کاروباری برادری سے ملاقات کرنا اور پاکستان اور ازبکستان کے مابین تجارت بڑھانے کے مختلف مواقعوں کا جائزہ لینا تھا۔ اس موقع پر روشان جومانوو کا کہنا تھا کہ گوجرانوالہ بزنس سینٹر کے ساتھ 3 سال سے مختلف فورمز پر کام کرنے کا موقع ملا جس سے گوجرانوالہ اور اس کی صنعتوں کے بارے میں آگاہی حاصل کرنے میں مدد ملی، ہم گوجرانوالہ کو پاکستان کے اہم صنعتی شہر کی حیثیت سے دیکھتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ ازبکستان اور گوجرانوالہ کی کاروباری برادری کے درمیان تعاون کو فروغ دیا جائے ، پاکستان اور ازبکستان کے درمیان دو طرفہ تجارت کا حجم 400 ملین ڈالر ہے ، جس کو با آسانی 2 بلین ڈالر تک پہنچایا جا سکتا ہے ،اس کے لیے ضروری ہے کہ مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دی جائے ، صنعتی اشتراک کو گہرا کیا جائے اور تجارت کی نئی راہیں استوار کی جائیں۔چیئرمین بزنس سینٹر احمد اکرام لون نے کہا کہ باہمی تجارت اور معاشی تعاون کے فروغ کیلئے ضروری ہے کہ دونوں ممالک کے کاروباری اداروں کے درمیان رابطوں کو بڑھایا جائے ، موثر ٹریڈ روٹس کی عدم موجودگی دونوں ممالک کے مابین اقتصادی تعاون کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے ، ہم گوجرانوالہ کی مصنوعات کی برآمدات کے لیے سینٹرل ایشیا کے تجارتی مراکز کو اہم سمجھتے ہیں ، دونوں ممالک کے درمیان روابط کو مزید مستحکم کرنے اور اقتصادی تعاون کے فروغ پر کام جاری رکھیں گے ۔